انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے لاک ڈائون میں توسیع ضروری: ونود کمار

,

   

Ferty9 Clinic

ایل بی اسٹیڈیم میں 8 دن تک غریبوں میں اناج کی تقسیم کا آغاز، اسپورٹس اتھاریٹی صدرنشین کی مساعی
حیدرآباد۔ 8 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہر شخص کو لاک ڈائون کی سختی سے پابندی کرتے ہوئے حکومت سے تعاون کرنا چاہئے۔ لاک ڈائون عوام کے لیے مصیبت نہیں بلکہ ان کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے لازمی ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ حکومت کے پاس انسانی جانوں کی غیر معمولی اہمیت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے لاک ڈائون میں توسیع کریں۔ ونود کمار آج ایل بی اسٹیڈیم میں غریبوں میں چاول اور اناج کی تقسیم کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ سینکڑوں کی تعداد میں غریب خاندانوں میں چاول اور اناج تقسیم کیا گیا۔ صدرنشین اسپورٹس اتھاریٹی اے وینکٹیشور ریڈی کی نگرانی میں لال بہادر اسٹیڈیم میں یہ تقریب منعقد ہوئی جس میں ونود کمار نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کے نتیجہ میں ایک بھی شخص بھوکا نہ رہے اس بات کی فکر حکومت کو ہے۔ انہوں نے خانگی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اپنے ملازمین کو تنخواہوں سے محروم نہ کریں۔ انہیں ضروری اناج اور چاول دیا جائے تاکہ لاک ڈائون کے دوران وہ فاقہ کشی کے شکار نہ ہوں۔ دیگر ریاستوں کے لاکھوں مزدوروں کا تلنگانہ حکومت تحفظ کررہی ہے۔ صدرنشین اسپورٹس اتھاریٹی اے وینکٹیشور ریڈی نے کے سی آر، کے ٹی آر اور سنتوش کمار سے اظہار تشکر کیا کہ اور کہا کہ انکی تجویز پر غریبوں میں اناج کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 8 دن تک یہ سلسلہ جاری رہے گا اور آخری دن بیاڈمنٹن اسٹار پی وی سندھو شرکت کریں گی۔