انسانی حقوق و اقدار ،بھائی چارگی کو فروغ دینے کی کوشش

   

Ferty9 Clinic

جماعت اِسلامی کی 21 تا 30 نومبر ’’حقوق ہمسایہ بیداری مہم‘‘، سنگاریڈی میں سید قمرالدین و دیگر ذمہ داروں کی پریس کانفرنس

سنگاریڈی ۔20 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جماعت اسلامی ہند سنگاریڈی مشرق ) کی جانب سے مدینہ مسجد کے آفس میں پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس کو جناب سید قمرالدین بخاری امیر مقامی ( مشرق) ، مولانا ریاض الدین سیکریٹری تربیت تلنگانہ، جناب ایم اے مجیب ریاستی سیکریٹری آئیٹا اور شیخ محبوب معاون امیر مقامی نے مخاطب کرتے ہوے کہا کہ جماعت اسلامی ہند کی جانب سے 21 تا 30 نومبر ’’حقوقِ ہمسایہ‘‘ کے عنوان سے 10 روزہ شعور بیداری مہم ملک گیر سطح پر منظم کی جارہی ہے۔ اس مہم کا مقصد معاشرے میں انسانی حقوق، ہم آہنگی، بھائی چارہ اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے ہمسایوں کے حقوق، رشتہ داروں سے حسنِ سلوک اور معاشرتی بھائی چارگی کو خاص اہمیت دی ہے۔ اس مہم کے ذریعے عوام کو قرآن و سنت کی روشنی میں ان اخلاقی اور انسانی اقدار کی طرف دوبارہ متوجہ کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ دور میں اختلافات، دوریاں اور باہمی غلط فہمیاں معاشرتی بگاڑ کا سبب بن رہی ہیں۔ ایسے ماحول میں جماعت اسلامی ہند کا مقصد لوگوں میں یہ احساس پیدا کرنا ہے کہ ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھنے سے ہی امن و امان، محبت اور خیرخواہی کی فضا قائم ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 21 نومبر جمعہ کو اُردو خطبہ اسی عنوان پر دیا جائے گا اور سماجی قائدین کا اجلاس ہوگا۔ 22 نومبر سوشل میڈیا پر نعت، تقریر اور اخلاقی کہانیاں پیش کرنا، 23 نومبر اپنے پڑوسیوں سے ملاقاتیں، 24، 25 اور 26 نومبر بلاتفریق مذہب وملت انفرادی ملاقاتیں، 27 نومبر یوم خواتین میں ثقافتی سرگرمیاں و ملاقاتیں اور خواتین کا اجلاس 28 نومبر ڈیجیٹل پوسٹر کا سرکولیشن، 29 نومبر ایس آئی او اور نوجوانوں و طلباء کیلئے ریالی اور خصوصی نشست، 30 نومبر کو براداران وطن کیساتھ دواخانہ میں مریضوں کی عیادت و دیگر مقامات پر ملاقاتیں تاکہ معاشرہ کے ہر طبقے تک یہ پیغام پہنچ سکے۔ انہوںنے مزید کہا کہ اگر ہر فرد اپنے پڑوسی کے حقوق ادا کرے اور رشتہ داروں کیساتھ بہتر سلوک اختیار کریں تو سماج میں خیر، سکون اور ہم آہنگی پیدا ہوسکتی ہے۔ اس موقع پر محمد مختار حسین، اعجاز حسین، علیم خاں، حشمت خاں، صابر خاں، مولانا شریف احمد ندوی، قیوم قاسمی، سید سلیم، محمد جاوید، اطہرخاں، شجاع الدین اور دیگر موجود تھے۔