حیدرآباد۔ /6 اکٹوبر ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاستی انسانی حقوق کمیشن کے صدر نشین اور ارکان کے تقرر کے سلسلہ میں حکومت سے وضاحت طلب کی ہے۔ چیف جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس این وی شراون کمار مشتمل ڈیویژن بنچ نے تقررات میں تاخیر پر حیرت کا اظہار کیا اور حکومت سے سوال کیا کہ اگر عوام کو اپنے انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر نمائندگی کرنا ہو تو وہ کہاں جائیں گے۔ ریاست میں 22 ڈسمبر 2022 سے انسانی حقوق کمیشن غیر کارکرد ہے۔ حکومت نے عدالت کو بتایا تھا کہ تقررات کا عمل جاری ہے۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ تقررات کے سلسلہ میں صدرنشین کے عہدہ کیلئے 10 اور ارکان کیلئے 64 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ چیف منسٹر، اسپیکر اسمبلی، قائد اپوزیشن اور وزرائے داخلہ اور امداد باہمی پر مشتمل کمیٹی درخواستوں کی جانچ کریگی۔ سرکاری وکیل نے چار ہفتے کی مہلت طلب کی۔ عدالت نے 16 اکٹوبر تک حکومت کو جواب داخل کرنے کی مہلت دی ہے۔