انسانی حقوق کیخلاف ورزیوں نے چین اور مصر کو قریب کیا: جن پنگ

   

السیسی نے صدر محمد مرسی کو برطرف کرکے اقتدار پر قبضہ اور اخوان المسلمون کیخلاف کریک ڈاؤن کیا تھا
بیجنگ ۔ مصر اور چین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باعث عالمی مخالفت نے دونوں ممالک کو قریب کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے مصری ہم منصب عبدالفتاح السیسی کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ چین اور مصر مفادات کے تحفظ کے لیے مشترکہ حکمت عملی کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین و عرب، چین و افریقہ اور چین و ترقی پزید ممالک کے درمیان وسیع تر اشتراک عمل یک جہتی کی علامت ہے۔ مصر میں صدر سیسی کے دور حکومت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مغربی ممالک کی تنقید کے تناظر میں قاہرہ حکومت نے مغربی دنیا سے قدرے دوری اختیار کی ہے اور چین کے ساتھ قربت اسی کا نتیجہ ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے سیسی سے ملاقات میں کہادونوں ممالک اہم امور اور مفادات کے تناظر میں ایک دوسرے کی حمایت اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ یاد رہے کہ مصر میں منتخب صدر محمد مرسی کو برطرف کر کے اقتدار پر قبضہ کرنے والے جنرل سیسی نے اخوان المسلمون کے خلاف وسیع تر کریک ڈاون کیا تھا،جس کے باعث مصر کو بین الاقوامی سطح پر تنقید کا سامنا رہا۔ اس کے علاوہ 2017 ء میں قاہرہ کی ازہر یونیورسٹی سے درجنوں ایغور طلبہ کو گرفتار کر کے چین بھیج دیا گیا تھا اور اس طرح قاہرہ حکومت سنکیانگ میں مسلمانوں پر مظالم میں برابر کی شریک رہی۔