انسانی سماج کیلئے بدزبان افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے

   

ملعون نرسنگھا نند کی دل آزار بیان پر مجلس ختم نبوت ٹرسٹ کے ذمہ دار علماء کے مطالبہ
حیدرآباد۔ 5 اکتوبر (پریس نوٹ) مولانا انصار اللہ قاسمی آرگنائزر مجلس تحفظ ختم نبوت کے بموجب محسن انسانیت اور پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں ملعون نرسنگھا نند سرسوتی انتہائی دل آزار اور گستاخانہ بیان پر ریاستی مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ و آندھرا پردیش کے ذمہ دار علماء نے اپنی شدید ناراضگی و برہمی کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا کہ اس ملعون کے خلاف فی الفور سخت سے سخت کارروائی کی جائے، مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کے ارکان و عہدیداران مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی (صدر) مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی (نائب صدر) مولانا خالد سیف اللہ رحمانی (جنرل سکریٹری) مولانا محمد عبدالقوی (خازن) مولانا محمد ارشد علی قاسمی (سکریٹری)، مولانا حافظ حواجہ نذیر الدین سبیلی، مولانا محمد امجد علی قاسمی اور مولانا مصلح الدین قاسمی (ارکان تاسیسی) نے کہا کہ ملعون نرسنگھا نند جیسے بدزبان اور کمینہ صفت لوگ انسانی سماج کے لئے ناسور ہے۔ اس کی وجہ سے سماج کا امن و امان غارت ہوکر رہ جائے گا۔ مختلف مذاہب کے پیر و کاروں کے درمیان مذہبی بھائی چارگی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی نفرت کی آگ میں جل کر خاک ہو جائے گی۔ نفرت کے یہ سوداگر اور زہر اگلنے والے یہ لوگ انسانی آبادی میں رہنے کے قابل نہیں ہیں۔ ملعون نرسنگھا نند کو جیل کی کوٹھری میں ڈال کر ہی مہذب سماج میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ سماج میں امن و امان کی برقراری کے لئے جواب دہ ذمہ دار اعلیٰ عہدیداران کو مسئلہ کی سنگینی اور حساسیت معلوم ہونی چاہئے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات ہمارے لئے سرخ لکیر ہے، آں حضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں گستاخانہ اور دل آزار بیانات ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہیں۔ اس لئے ہم پولیس کے اعلیٰ افسران و عہدیداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر اس شخص کو گرفتار کیا جائے اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے سلسلہ کو بند کیا جائے۔