میساچیوسٹس: ایک امریکی بایوٹیکنالوجی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اگر کوئی صحت مند شہری اسے اپنا ذاتی فضلہ روزانہ فراہم کرے گا تو وہ اسے ہر مہینے 1,200 ڈالر (تقریباً 2 لاکھ 18 ہزار روپے) ادا کرے گی۔ میساچیوسٹس کی بایوٹیکنالوجی کمپنی ’’سیرس تھراپیوٹکس‘‘ نے ’’گڈ نیچر‘‘ کے نام سے ایک نئے تحقیقی منصوبے پر کام شروع کیا ہے جس میں ’’کلوسٹریڈیئم ڈیفیسائل‘‘ (Clostridium difficile) نامی جرثومے سے ہونے والے ہیضے کا بہتر علاج ڈھونڈنے کیلیے تحقیق کی جائے گی۔گڈ نیچر پروگرام میں 18 سے 50 سال عمر کے ایسے افراد شریک کیے جائیں گے جن کا ہاضمہ بالکل ٹھیک ہو، جن کا وزن نارمل ہو، جو سگریٹ نہ پیتے ہوں، منشیات کے عادی نہ ہوں، شراب نوشی نہ کرتے ہوں، جنہیں لمبے عرصے تک آنتوں اور پیٹ کی کوئی بیماری نہ رہی ہو، اور اگر وہ کوئی خاتون ہوں تو وہ حاملہ بھی نہ ہو۔