نیویارک : امریکہ میں میری لینڈ یونیورسٹی کے میڈیکل کالج سے تعلق رکھنے والے طبی محققین ایک مریض میں خنزیر کے دل کی پیوند کاری میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ مریض کا دل بے کار ہو چکا تھا اور وہ امریکہ میں روایتی انسانی دل کی پیوندکاری پروگرام سے مستفید ہونے کے قابل نہیں تھا۔تفصیلات کے مطابق 57 سالہ ڈیوڈ بینیٹ گذشتہ ماہ دسمبر میں اس تجربے پر آمادہ ہوا تھا۔ آپریشن سے قبل ڈیوڈ کا کہنا تھا کہ “یا تو میں مر جاؤں یا پھر اس پیوند کاری کا آپریشن کراؤں، میں جینا چاہتا ہوں، یہ میرے پاس آخری راستہ ہے”۔اس پیوند کاری کو انجام دینے والے سرجنوں کی ٹیم میں پاکستانی نژاد ڈاکٹر محمد محی الدین بھی شامل ہیں۔ وہ کراچی سے تعلق رکھتے ہیں اور ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے گریجویٹ ہیں۔