انسپکٹر ہمایوں نگر پر سیاسی اثر و رسوخ میں کام کرنے کا الزام ‘ کارروائی پر زور

   

احمد نگر سی پی ایم کارکن کو نشانہ بنانے کا الزام ۔سٹی سکریٹری ایم سرینواس کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 18۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : کمیونسٹ پارٹی مارکسٹ نے ہمایوں نگر پولیس انسپکٹر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ سی پی ایم سٹی سکریٹری ایم سرینواس نے آج پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہمایوں نگر سرکل انسپکٹر سیاسی اعلیٰ کار بن چکے ہیں ۔ انہوں نے سرکل انسپکٹر پر پارٹی ورکر کی طرح کام کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ سی آئی ، ایم آئی ایم قائدین کے اشاروں پر کام کرکے سی پی ایم قائد ارشد احمد کے خلاف کارروائی کررہے ہیں ۔ اویسی پورہ کے سرگرم مقبول سی پی ایم قائد ارشد احمد کے خلاف انسپکٹر نے روڈی شیٹ کھولنے کی دھمکی دی ہے ۔ ارشد احمد مقامی عوام کے بنیادی مسائل کی یکسوئی کیلئے جدوجہد میں شناخت رکھتے ہیں اور احمد نگر ڈیویژن میں عوام مسائل کی یکسوئی کیلئے ارشد احمد مختلف محکموں سے نمائندگی کرتے ہیں ۔ غیر مجاز تعمیرات کے خلاف شکایت پر ارشد احمد کو پولیس ہراساں کررہی ہے اور ایک طرف کارروائی کرکے انسپکٹر مجلس کے نمائندہ کی حیثیت سے کام کررہے ہیں ۔ سی پی ایم قائد نے بتایا کہ احمد نگر ڈیویژن میں سی پی ایم کی مقبولیت سے پریشان افراد پولیس سے پارٹی کارکنوں کو ہراساں کررہے ہیں اور پارٹی ورکرس و قائدین کے ساتھ پولیس کی زیادتی کو برداشت نہیں کرے گی ۔ احمد نگر ڈیویژن میں پارٹی آفس کے قیام کے بعد سے ارشد احمد کو پریشان کیا جانے لگا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں ارشد احمد کے خلاف پولیس زیادتی پر نامپلی قائدین نے ہمایوں نگر انسپکٹر سے نمائندگی کی تاہم انسپکٹر نے ارشد کو غیر ضروری حراست میں لے لیا ۔ اس بات کی شکایت اے سی پی اور ڈی سی پی سے کی گئی لیکن اس کے کوئی نتائج برآمد نہیں ہوئے ۔ ایم سرینواس نے پولیس حکام سے درخواست کی کہ وہ جلد ہمایوں نگر انسپکٹر کے رویہ کا جائزہ لیں اور ان کے خلاف بعد تحقیقات کارروائی کی جائے ۔ اس پریس کانفرنس میں آر وینکٹیش ، ملیش ، ارشد احمد و دیگر موجود تھے ۔۔ ع