انصاف رسانی میں مہاراشٹرا سرفہرست

   

خامیوں کو فوری دور کرنے پر زور ، رپورٹ کی اجرائی
نئی دہلی ۔7 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) عوام کو انصاف رسانی میں مہاراشٹرا ملک کی ریاستوں میں سرفہرست ہے جس کے بعد کیرالا ، ٹاملناڈو ، پنجاب اور ہریانہ کا نمبر ہے ۔ ٹاٹا ٹرسٹس کی ایک رپورٹ میں اس کا انکشاف کیا گیا ہے ۔ایک کروڑ سے کم آبادی والی چھوٹی ریاستوں جیسے گوا‘ انصاف رسائی میں سرفہرست ہے جبکہ سکم اور ہماچل پردیش دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں ۔ مختلف سرکاری ایجنسیوں ،پولیس ، عدلیہ ، محابس اور قانونی امداد کی بنیاد پر انصاف رسانی کے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق’’ انڈیا جسٹس رپورٹ 2019 ‘‘تیار کی گئی ہے ۔ رپورٹ کا رسم اجراء انجام دینے کے بعد سپریم کورٹ کے سابق جسٹس ایم بی کور نے بتایا کہ انصاف رسانی کے نظام میں سنگین خامیاں پائی جاتی ہیں ۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ عدلیہ اور حکومت نمایاں تحقیقات کا سنجیدگی سے نوٹ لیں گے اور ریاستیں بھی پولیس ، محابس ، فارنسک ، انصاف کی اور قانونی امداد کی فراہمی میں تاخیر کو کم کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں گے اور ان محکموں میں مخلوعہ جائیدادوں کو بھی فوری طور پرپُر کیا جائے گا ۔ سروے کے مطابق ملک میں تقریباً 18,200 ججس ہیں جن میں سے 23 فیصد منظورہ عہدے مخلوعہ ہیں ۔