ظہیرآباد میں عدالت کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے ججس کا خطاب
ظہیر آباد ۔ 31 ۔ اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ ہائی کورٹ کے جج جسٹس ابھی نندن شاولی نے آج یہاں سینئر سیول جج کورٹ کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا رسم افتتاح انجام دیا اور اسی ضمن میں منعقدہ افتتاحی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عدالتوں میں انصاف رسانی کے کام کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ عدالتوں کو نئی عمارتوں اور انفراسٹرکیچر سے لیس کیا جارہا ہے تاکہ مقدمات کی جلد یکسوئی سے فریقین کو مقدمات کی طوالت کے باعث ہونے والی پریشانیوں سے نجات ملے ۔ پرنسپال ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سنگاریڈی شریمتی کے سائی رمادیوی نے خطاب کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سینئر سیول جج کورٹ کی نئی تعمیر شدہ عمارت میں عدالتی امور کی انجام دہی میں بہتری پیدا ہوگی ۔ ضلع کلکٹر ایم ہنمنت راو نے بھی خطاب کرتے ہوئے زیردوران مقدمات کی جلد یکسوئی کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس موقع پر ہائی کورٹ پبلک پراسیکوٹر پرتاب ریڈی ، ضلع ججس کلپنا ، راج گوپال کے بشمول جی سرینواس ریڈی صدر بار اسوسی ایشن ظہیر آباد ، سینئر ایڈوکیٹس ٹی لکشما ریڈی ، دگمبرراو جوشی ، اشوک پاٹل ، وینکٹ ریڈی ، سید احمد ، محمد عبدالسمیع ، بچی ریڈی ، محمد مجاہد ، محمد شفیع الدین ، اوما رانی ، زبیر اسمعیل اور دوسرے موجود تھے جبکہ ڈی ایس پی گنپت جادھو کے بشمول دیگر پولیس عہدیداران نے بھی اپنی شرکت درج کرائی ۔
