گاندھی بھون میں قومی پرچم لہرایا گیا، اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے آج حیدرآباد اسٹیٹ کے انڈین یونین میں انضمام کی یاد میں گاندھی بھون میں قومی پرچم لہرایا۔ کانگریس کی جانب سے یوم انضمام تمام اضلاع میں منایا گیا جہاں ضلع کانگریس صدور نے پرچم کشائی انجام دی ۔ گاندھی بھون میں منعقدہ پروگرام میں سابق اپوزیشن لیڈر کے جانا ریڈی ، سابق صدور پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ ، پونالہ لکشمیا ، ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر ، اے آئی سی سی کے سکریٹریز سلیم احمد ، بوس راجو ، رکن کونسل جیون ریڈی ، رکن اسمبلی جگا ریڈی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اتم کمار ریڈی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈین یونین میں انضمام کیلئے کانگریس پارٹی اور کمیونسٹ پارٹیوں نے جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نے آپریشن پولو کے ذریعہ حیدرآباد اسٹیٹ کو انڈین یونین میں ضم کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ انضمام کا سہرا پنڈت جواہر لال نہرو اور سردار پٹیل کے سر جاتا ہے ۔ صدر پردیش کانگریس نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی تلنگانہ کی تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ سردار پٹیل اور پنڈت جواہر لال نہرو میں اختلافات ظاہر کئے جارہے ہیں جبکہ اس فیصلہ میں دونوں کی رضامندی تھی ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ رام مادھو کا تعلق آندھرا سے ہے اور وہ تلنگانہ کی تاریخ سے لا علم ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی انضمام حیدرآباد کو مذہبی رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ مسلح جدوجہد میں اہم رول ادا کرنے والے مجاہدین آزادی کو تہنیت پیش کی ۔ رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ مسلح جدوجہد میں بی جے پی کا کوئی رول نہیں ہے۔ کانگریس اور کمیونسٹوں نے انضمام کیلئے کامیاب جدوجہد کی۔ عوام کو نقصان سے بچانے کیلئے نہرو اور پٹیل نے یہ کارنامہ انجام دیا۔ جگا ریڈی نے کہا کہ ہندو ، مسلم اور عیسائیوں کی مدد سے انضمام کا عمل مکمل کیا گیا۔ اس جدوجہد میں بلا لحاظ مذہب و ملت عوام نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں کمیونسٹ تحریک مستحکم تھی لیکن علحدہ تلنگانہ ریاست میں عوامی مسائل پر کمیونسٹوں کا احتجاج کمزور پڑچکا ہے۔ انہوں نے کمیونسٹ جماعتوں کو دوبارہ متحرک ہونے کا مشورہ دیا۔