نئی دہلی : انڈیا کے فاسٹ بولر محمد شامی نے پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق کی جانب سے بال ٹمپرنگ کے الزامات پر سخت ردعمل میں کہا ہے کہ یہ باتیں کہیں اور چل سکتی ہے، اس طرح کا کارٹون نما رویہ افسوسناک ہے۔ بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں محمد شامی نے کہا کہ پاکستانی (کھلاڑی) ہم سے کبھی خوش نہیں تھے اور نہ کبھی ہوں گے، پاکستان کے خلاف جو کارکردگی دکھائے گا، اس بولر کو ٹارگٹ بنایا جائے گا۔ شامی نے کہا کہ انضمام الحق نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران بھارتی بولرز پر بال ٹمپرنگ کا الزام لگایا تھا، وہ پاکستانی عوام کو دھوکہ دینا بند کریں، اگر چمپینس ٹرافی 2025کیلئے پاکستان گیا تو 3گیندیں ساتھ لے کر جاؤں گا اور انہیں (انضمام الحق کو) دکھاؤں گا کہ ان میں کوئی ڈیوائس نہیں ہے اور 20 لوگوں کے سامنے گیندوں کو دو ٹکڑے کروں گا۔ شامی نے کہا کہ مجھ پر2023 کے ونڈے ورلڈکپ کے دوران گیند میں ڈیوائس لگانے کا الزام لگایا گیا، کیا عجیب بچوں والی باتیں کررہے ہیں۔ ’’انضی بھائی کا بہت احترام کرتا ہوں لیکن ایسے بیانات کی اُن سے توقع نہیں کرتا، پاکستانی بولرز نے ہی ریورس سوئنگ کا جادو پوری دنیا کو سکھایا اور اب ایسے الزامات لگا رہے ہیں، انضمام بھائی کو ماضی میں اپنے بولرز کی جانب سے گیند سے چھیڑ چھاڑ کرنے کے واقعات کو یاد رکھنا چاہیے۔‘‘ انڈین فاسٹ بولر نے کہا کہ گیند میں ڈیوائس لگا کر سوئنگ کروانے کا بیان انتہائی عجیب ہے، لوگوں کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، مان لیں کے ڈیوائس لگا کر گیند کرا دی اور بٹن الٹا دب گیا تو پھر کیا ہو گا۔ انضمام ریورس سوئنگ کے آرٹ کو متعارف کروانے والوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انضمام نے الزام عائد کیا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں ارشدیپ سنگھ 15ویں اوور میں گیند ریورس کر رہے ہیں تو اس کا مطلب صاف ہے کہ گیند کے ساتھ چھیڑ خانی کی گئی تھی۔