جونپور:27جون(یواین آئی) سرکاری اسکولوں کے انضمام کے فیصلے کے خلاف اترپردیش پرائمریر ٹیچر یونین کے بینر کے نیچے ہزاروں ٹیچروں نے جمعہ کو کلکٹریٹ احاطہ میں زور دار مظاہرہ کیا۔ ضلع صدر امت سنگھ کی قیادت میں ٹیچروں نے وزیر اعلی کے نام میمورنڈم ایس ڈی ایم گریما جیسوال کو سونپا۔امیت سنگھ نے کہا کہ طلباء کی کم تعداد کی بنیاد پر اسکولوں کا انضمام حق تعلیم قانون 2009 کے خلاف ہے ۔ اس کا براہ راست اثر دیہی علاقوں بالخصوص چھوٹے بچوں اور لڑکیوں کی تعلیم پر پڑے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ 16 جون 2025 کو جاری کردہ انضمام کے حکم نامے کو منسوخ کیا جائے ، تربیت یافتہ اساتذہ اور ہیڈ ماسٹرز کو اسکولوں میں تعینات کیا جائے ، اور اساتذہ سے صرف تعلیمی کام لیا جائے ۔میمورنڈم دینے سے پہلے اساتذہ نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ لے کر کلکٹریٹ کے احاطے کا چکر لگایا اور نعرے لگائے۔