انفارمیشن ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ ہیلت خدمات کو بہتر بنایا جائے

   

عہدیداروں کو چیف سکریٹری سومیش کمار کی ہدایت
حیدرآباد: چیف سکریٹری سومیش کمار نے تلنگانہ میں مریضوں کے لئے طبی خدمات میں بہتری کیلئے انفارمیشن ٹکنالوجی کے استعمال پر زور دیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر چیف سکریٹری نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ معیاری ہیلت سرویسز کو یقینی بنانے کے لئے انفارمیشن ٹکنالوجی کا استعمال کریں۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کے ساتھ انفارمیشن ٹکنالوجی پر جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ درخواستوں کے طریقہ کار کو آسان بنایا جائے۔ اس کے علاوہ مسائل کی یکسوئی کے طریقہ کار میں بہتری ہو۔ چیف سکریٹری نے محکمہ صحت کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے خدمات کو بہتر بنانے کیلئے منصوبہ تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ کارکردگی میں شفافیت پیدا کرنے کیلئے انفارمیشن ٹکنالوجی کا استعمال معاون ثابت ہوگا۔ اجلاس میں سکریٹری ہیلت مرتضیٰ علی رضوی ، کمشنر ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر وی کرونا ، اسپیشل سکریٹری فینانس رونالڈ روس ، ڈی دیویا، ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ اور محکمہ صحت کے مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں نے شرکت کی۔