اسکولس اور کالجس کے انتظامیہ کی بھاری ذمہ داری، پنجاب کی صورتحال سے نوجوانوں کو بچانے کی ضرورت، مخالف منشیات عالمی دن تقریب سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26۔ جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے نجات دلانے کیلئے مہم کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے مرکز کے طور پر اپنی شناخت رکھنے والے تلنگانہ میں اگر گانجہ اور ڈرگس عام ہوجائے تو یہ ہماری ناکامی تصور ہوگی۔ ڈرگس کے خلاف عالمی دن کے موقع پر شلپا کلا ویدیکا میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ انفارمیشن ٹکنالوجی پارکس کا مرکز ہے اور اسے گانجہ اور ڈرگس کے مرکز میں تبدیل ہونے نہیں دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم میں سماج کے تمام طبقات کو حصہ لینا چاہئے۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ تلنگانہ کی سرزمین پر گانجہ اور ڈرگس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ تلنگانہ جدوجہد کی سرزمین ہے اور یہاں جدوجہد کی سرزمین کو اگر ڈرگس کے مرکز میں تبدیل کیا گیا تو یہ تلنگانہ کی توہین ہوگی۔ اسکولوں سے یونیورسٹی تک طلبہ پر ڈرگس کا اثر دیکھا جارہا ہے۔ ڈرگس تیزی سے عام ہورہا ہے۔ نوجوان نسل جو ملک کا مستقبل ہے، اسے بچانے کی ضرورت ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کی سرزمین کی تاریخ ہے کہ یہاں راجاؤں کے خلاف جدوجہد کی گئی تھی۔ اسی جدوجہد کی روح سے تلنگانہ تحریک نے جنم لیا تھا ۔ تلنگانہ کے نوجوانوں کو منشیات کی وباء سے بچانا ہماری ذمہ داری ہے ۔ کانگریس نے اقتدار میں آتے ہی خبردار کیا تھا کہ تلنگانہ کی سرزمین پر اگر کوئی منشیات کے بارے میں سوچتا بھی ہے تو ہم اس کی سرکوبی کریں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تحریکوں کی سرزمین پر اسکولوں اور کالجس میں منشیات کی وباء پھیلتا دیکھ کر ہم خاموش نہیں رہ سکتے ۔ ہندوستان کی کل آبادی 68 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ہندوستان دنیا کا واحد ملک ہے جس میں نوجوانوں کی آبادی 68 فیصد ہے۔ دشمن ممالک ہندوستان کو کمزور کرنے کیلئے مختلف حربے اپنا رہے ہیں جن میں ڈرگس بھی ایک مہلک طریقہ ہے ۔ پنجاب میں نوجوان بھنگ اور نشہ آور اشیاء کے غلام بن کر تباہ ہورہے ہیں۔ تلنگانہ میں نوجوانوں کو اس انجام سے بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نوجوانوں کی اسپورٹس صلاحیتوں کو فروغ دینے کیلئے ریاست میں کوئی واضح پالیسی نہیں تھی۔ کانگریس حکومت نے نئی اسپورٹس پالیسی متعارف کی ہے۔ نوجوانوں میں مہارت کے اضافہ کیلئے اسکل یونیورسٹی قائم کی گئی ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ نلا ملا کے جنگلات سے آئے ہیں، زیڈ پی ٹی سی سے چیف منسٹر تک کا کامیاب سفر طئے کیا ہے۔ انہوں نے فلم اسٹار وجئے دیورکنڈہ کا حوالہ دیا اور کہا کہ ان کی زندگی بھی نلا ملا سے شروع ہوئی ۔ محنت اور لگن کے ذریعہ وہ اس مقام تک پہنچے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ’’نو ڈرگس‘‘ مہم میں ہرکسی کو شامل ہونا چاہئے ۔ اسکولوں اور کالجس میں غیر سماجی سرگرمیوں کیلئے انتظامیہ جواب دہ ہوگا۔ طلبہ کے رویہ پر نظر رکھنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔ اسکول اور کالجس اپنے احاطہ میں منشیات کی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے اقدامات کریں ۔ اگر ہم تمام چوکس رہیں تو منشیات پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر تلنگانہ سماج ڈرگس کے خلاف متحد ہوجائے تو دنیا کیلئے ایک مثالی تلنگانہ تشکیل دیا جاسکتا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود میں آگے بڑھنا چاہئے۔ آنے والے دنوں میں کھیل سے وابستہ افراد کو نہ صرف ملازمت بلکہ سیاست میں بھی بہتر مواقع فراہم کئے جائیں گے۔1