انفارمیشن کمشنرس کے تقرر پر ہائی کورٹ میں سماعت

   

حیدرآباد۔/23 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ میں آج انفارمیشن کمشنرس کے تقرر سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ سنٹر فار گڈ گورننس نے انفارمیشن کمشنرس کے تقرر میں تاخیر کی شکایت کرتے ہوئے مفاد عامہ کی درخواست دائر کی ہے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ چیف انفارمیشن کمشنر اور انفارمیشن کمشنرس کے تقرر کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ چیف انفارمیشن کمشنر کے عہدہ کیلئے 40 درخواستیں اور انفارمیشن کمشنرس کے عہدوں کیلئے 273 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ انفارمیشن کمشنرس کے انتخاب کیلئے عنقریب کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ عدالت سے چار ہفتوں کی مہلت کی درخواست کی گئی۔ ہائی کورٹ نے حکومت کو چار ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے سماعت کو ملتوی کردیا۔