چیف منسٹر پنجاب کے بھتیجہ کے مکان اور دفاتر پر ای ڈی کے دھاوؤں پر شدید ردعمل
نئی دہلی : پنجاب اسمبلی انتخابات سے چند دن قبل آج انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے پنجاب کے چیف منسٹر چرنجیت سنگھ چنی کے بھتیجہ بھوپیندر سنگھ ہنی کے 10 مختلف مقامات پر دھاوے کئے۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے پنجاب میں غیر قانونی ریت کی کانکنی کے سلسلہ میں انسداد منی لانڈرنگ کے تحت یہ دھاوے کئے۔ منگل کی صبح بھوپیندر سنگھ ہنی کے گھر پر دھاوا کیا گیا ۔ کسی کو گھر سے باہر نکلنے نہیں دیا گیا ۔ اس موقع پر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے عہدیداروں نے مختلف دستاویزات کی اسکیاننگ کی ۔ کانگریس پارٹی نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے شدید رد عمل کااظہار کرتے ہوئے بی جے پی پر سرکاری ایجنسیوں کے غلط استعمال کا الزام لگایا۔ کانگریس نے کہا کہ وہ پنجاب انتخابات میں پوری سرگرمی سے مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں اور وہ ریاست کے عوام کو بتائے گی کہ ملک کے واحد دلت چیف منسٹر کو بی جے پی ہراساں کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ریاست بھر میں چہارشنبہ سے کانگریس پارٹی پریس کانفرنس منعقد کرتے ہوئے عوام کو اس سے واقف کروائے گی جس میں نوجوت سنگھ سدھو ، رندیپ سرجے والا اور ہریش چودھری کے علاوہ دیگر حصہ لیں گے ۔ کانگریس نے الزام عائد کیا کہ ای ڈی کا مطلب بی جے پی کا الیکشن ڈپارٹمنٹ ہے ۔ نئی دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رندیپ سرجے والا نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ملک کے واحد دلت چیف منسٹر کے خلاف انتقامی کارروائی کر رہی ہے۔
