پردیش کانگریس کی صدارت کا معاملہ ہائی کمان میں سرگرم، عہدہ کے کئی دعویدار
حیدرآباد۔ ایسے وقت جبکہ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں پردیش کانگریس کے نئے صدر کی تلاش کررہی ہے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے ریونت ریڈی کے خلاف دائر کردہ چارج شیٹ سے پارٹی حلقوں میں اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ چارج شیٹ ریونت ریڈی کے امکانات کو متاثر کرسکتی ہے۔ ایسے وقت جبکہ کانگریس ہائی کمان نے نئے صدر پردیش کانگریس کیلئے مشاورت کا آغاز کیا عین اسی وقت 2015 کے نوٹ برائے ووٹ مقدمہ میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے ریونت ریڈی کو اصل ملزم قرار دیتے ہوئے چارج شیٹ داخل کی ہے۔ پردیش کانگریس کی صدارت کے دعویداروں میں ریونت ریڈی دیگر قائدین سے آگے ہیں۔ انہیں ریاست کے تمام ضلعی صدور کے علاوہ اہم قائدین کی تائید حاصل ہے۔ ان کے علاوہ رکن کونسل جیون ریڈی، رکن اسمبلی سریدھر بابو ، رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور جگا ریڈی نے اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور نے نئے صدر کیلئے مشاورت کا عمل تین ماہ قبل مکمل کرلیا تھا لیکن جانا ریڈی نے ناگرجنا ساگر ضمنی چناؤ تک اعلان کو موخر کرنے کی اپیل کی تھی۔ اب جبکہ انتخابی مرحلہ مکمل ہوچکا ہے ہائی کمان نے نئے صدر کیلئے مشاورت کا عمل تیز کردیا ہے۔ توقع ہے کہ بہت جلد ہائی کمان فیصلہ کرے گا۔ 2023 اسمبلی انتخابات تک پارٹی کی قیادت کیلئے عوامی مقبولیت رکھنے والے قائد کی تلاش ہے جو ہر ضلع میں پارٹی کو مستحکم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ پارٹی کے بعض سینئر قائدین نے وفاداروں کا گروپ تشکیل دیتے ہوئے پارٹی ہائی کمان سے مطالبہ کیا کہ وہ کسی ایسے شخص کو صدارت کی ذمہ داری دیں جو پارٹی کا حقیقی وفادار ہو۔ بتایا جاتا ہے کہ مانکیم ٹیگور نے صدر کانگریس سونیا گاندھی کو اپنی رپورٹ پیش کردی ہے۔ سونیا گاندھی نے ملک بھر کے کانگریس کیڈر کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کورونا وباء کے پیش نظر متاثرہ افراد کی مدد پر توجہ دیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ہائی کمان ریونت ریڈی کو پارٹی صدارت کے بجائے انتخابی مہم کمیٹی صدر نشین مقرر کرسکتا ہے۔