سرکردہ کالجس اور یونیورسٹیز تحقیقات کے دائرہ میں ، انسانی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ پر توجہ
حیدرآباد۔ 26۔ڈسمبر(سیاست نیوز) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ہندستان کے بعد اب کینیڈا میں بھی اپنی تحقیقات کا آغاز کرنے کا منصوبہ تیار کیا اور کہا جا رہاہے کہ کینیڈا کے بعض سرکردہ کالجس اور یونیورسٹیز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تحقیقات کے دائرہ میں لائی جاچکی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کے معاملہ میں جاری تحقیقات اور منی لانڈرنگ کے سلسلہ میں احمد آباد میں درج کئے گئے ایک مقدمہ کی تحقیقات کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ کینیڈا کے کالجس میں داخلہ کے حصول کے ذریعہ ویزا حاصل کرنے والوں کو کینیڈا ۔امریکہ سرحد کے ذریعہ امریکہ پہنچایا جا رہاہے ۔ جنوری 2022 میں امریکی سرحد پر سردی سے ٹھٹر کر فوت ہونے والے ایک خاندان کے 4 افراد کی موقت کے بعد شروع ہونے والی تحقیقات میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ممبئی اور ناگپور میں موجود اداروں کی جانب سے 55تا60 لاکھ روپئے وصول کرتے ہوئے کینیڈا کے کالجس اور یونیورسٹیز میں داخلہ کروایا جاتاتھا اور انہیں کینیڈا ۔امریکہ سرحد کے ذریعہ غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل کروایا جاتا تھا ۔ اس ابتدائی تحقیقات میں ہونے والے انکشاف کے بعد انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے دونوں ادارو ں کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیاگیا اور اس تحقیقات کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ دونوں اداروں کے کینیڈا کے کالجس کے ساتھ معاہدے تھے اور ان کالجس کے معاہدہ کی بنیاد پر یہ ادارے ہندستانی شہریوں کو کینیڈا کے کالجس میں داخلہ کرواتے ہوئے انہیں امریکہ روانہ کرنے کا انتظام کیا کرتے تھے ۔ بتایاجاتا ہے کہ دونوں اداروں کی جانب سے گذشتہ ایک برس کے دوران زائد از 35ہزار ہندستانیوں کو کینیڈا کے کالجس میں داخلہ دلوایا جاچکا ہے اور اور 150کالجس میں جو کینیڈا میں ہیں دلوائے گئے داخلوں میں ایک ادارہ کا معاہدہ 150 کالجس سے ہے جبکہ دوسرے ادارہ کا معاہدہ 112کالجس کے ساتھ ہے اسی لئے ان کالجس کے علاوہ بعض جامعات کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تحقیقات کے دائرہ میں شامل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ گجرات سے تعلق رکھنے والے بھاویش پٹیل اور ان کے خاندان کو جو کہ جنوری 2022 میں کینیڈا۔امریکہ سرحد عبور کرنے کی کوشش کے دوران فوت ہوگئے تھے اس کے بعد یہ بات منظر عام پر آئی کہ کینیڈامیں داخلہ حاصل کرتے ہوئے ویزالینے والے خاندان غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔3