پارلیمنٹ کی نئی عمارت کو امبیڈکر سے موسوم کرنے کی اپیل، راہول گاندھی کی یاترا کے استقبال کی تیاریاں
حیدرآباد۔/6 ستمبر، ( سیاست نیوز) انقلابی شاعر غدر نے آج گاندھی بھون پہنچ کر صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور یادداشت حوالے کی۔ انہوں نے نئی دہلی میں پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے نام کو امبیڈکر سے موسوم کرنے کیلئے مساعی کرنے کی خواہش کی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ غدر نے انہیں ایک اہم ذمہ داری دی ہے اور وہ دیگر ارکان پارلیمنٹ کی مدد سے مرکز پر دباؤ بنانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس مطالبہ کے سلسلہ میں کانگریس پارٹی ایک کمیٹی تشکیل دے گی اور کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر کُل جماعتی اجلاس طلب کیا جائے گا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کُل جماعتی اجلاس کی قرارداد صدر کانگریس سونیا گاندھی کو پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ کو پارلیمنٹ میں پیش کریں گے۔ اس موقع پر انجن کمار یادو، چناریڈی، شیوا سینا ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ ریونت ریڈی نے 7 ستمبر سے راہول گاندھی کی ’’ بھارت جوڑو‘‘ یاترا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں یاترا کی غیر معمولی اہمیت ہے۔ کنیا کماری سے کشمیر تک یہ یاترا 150 دن جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ 24 یا 25 اکٹوبر کو تلنگانہ میں یاترا داخل ہوگی اور 15 دنوں میں 350 کیلو میٹر کا احاطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں یاترا کے دوران ہزاروں کی تعداد میں کارکن شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کیلئے خصوصی گاڑیاں تیار کی گئی ہیں۔ر