انقلابی شاعر غدر کے سی آر کے خلاف گجویل سے مقابلہ کی تیاری میں

   

علیحدہ پارٹی کے قیام کا منصوبہ، سابق ایم پی پی سرینواس ریڈی کے سیاسی مستقبل پر تعطل برقرار
حیدرآباد۔/9 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں انتخابات سے عین قبل نئی سیاسی پارٹیوں کے قیام کی گونج سنائی دے رہی ہے۔ کھمم کے سابق ایم پی پی سرینواس ریڈی جنہیں بی آر ایس سے معطل کیا گیا وہ اپنے حامیوں کے ساتھ نئی پارٹی کے قیام پر مشاورت میں مصروف ہیں۔ سرینواس ریڈی اور محبوب نگر کے سابق وزیر جوپلی کرشنا راؤ کو پارٹی میں شامل کرنے بی جے پی اور کانگریس سے مساعی کی گئی لیکن دونوں نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سرینواس ریڈی اور جوپلی کرشنا راؤ نے بی جے پی کے مقابلہ کانگریس کو ترجیح دی تاہم بعض شرائط کے معاملہ میں شمولیت کا مسئلہ تعطل کا شکار ہوگیا۔ بتایا گیا کہ سرینواس ریڈی نے نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا اشارہ دیا ۔ دوسری طرف سابق نکسلائیٹ اور انقلابی شاعر غدر بھی اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے تیاری کررہے ہیں۔ غدر کا تعلق میدک کے توپران سے ہے اور وہ آئندہ الیکشن میں چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف گجویل اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کرسکتے ہیں۔ 75 سالہ غدر نے کہا کہ وہ پہلی مرتبہ الیکشن میں حصہ لیں گے۔ وہ تلنگانہ میں علحدہ سیاسی پارٹی کے قیام کا فیصلہ کرچکے ہیں اور ان کی پارٹی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن کے مرحلہ میں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ نئی پارٹی کے ذریعہ بی جے پی اور بی آر ایس کے خلاف مہم چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خیال دانشوروں، شعراء، ادیب اور جہد کاروں کو ان کی پارٹی کے ذریعہ انتخابی میدان میں اُتارنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ر