انقلابی شاعر غدر کے پسماندگان سے وائی ایس شرمیلا کی ملاقات

   

حیدرآباد/13 اگسٹ ( سیاست نیوز) وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی سربراہ وائی ایس شرمیلا نے انقلابی شاعر غدر کے پسماندگان سے ملاقات کرکے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے غدر کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کرکے خراج پیش کیا۔ شرمیلا نے کہا کہ عوامی گلوکار غدر کا دیہانت تلنگانہ کیلئے بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے ٹینک بنڈ پر غدر کا مجسمہ نصب کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میدک میں غدر کے آبائی مقام پر ان کی یادگار قائم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ غدر کی زندگی و خدمات سے نئی نسل کو واقف کرانے کی ضرورت ہے۔ اسی دوران شرمیلا دہلی میں کانگریس سینئر قائدین سے ملاقات کرکے اپنی پارٹی کے کانگریس میں انضمام کو قطعیت دے چکی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینو گوپال نے شرمیلا کو پارٹی انضمام کا وقت مقرر کرنے کا تیقن دیا۔ راہول یا پرینکا گاندھی کے دورہ تلنگانہ پر شرمیلا کانگریس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کریں گی۔