انقلاب زندہ باد :بھگونت مان نے چیف منسٹر کا حلف لیا

,

   

شہید بھگت سنگھ کے گاؤ ں میں حلف برداری تقریب، پنجاب میں عوام کا زبردست جوش و خروش

کھاتکرکلاں (پنجاب) : بسنتی رنگ کے ماحول اور رنگ دے بسنتی کی گونج کے درمیان عام آدمی پارٹی لیڈر اور چیف منسٹر بھگونت مان کو آج یہاں گورنر بنواری لال پروہت نے عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ بھگونت نے اپنی روایتی بسنتی پگڑی لگا رکھی تھی۔ انہوں نے خاص طور پر مجاہد آزادی شہید بھگت سنگھ کے گاؤں کا انتخاب کیا کہ وہ جدوجہد آزادی کی اس عظیم شخصیت کی دھرتی پر چیف منسٹر کا حلف لیں گے۔ اس موقع پر پنجاب کے عوام میں غیرمعمولی جوش و خروش دیکھا گیا۔ حلف برداری تقریب میں محتاط اندازہ کے مطابق 4 لاکھ افراد شریک ہوئے۔ بھگونت نے اپنے حلف کا اختتام انقلاب زندہ باد کے نعرہ کے ساتھ کیا۔ 48 سالہ سابق کامیڈین بھگونت مان نے ہندی میں حلف لیا۔ وہ پنجاب کے سب سے کم عمر چیف منسٹر بنے ہیں۔ انہوں نے کانگریس کے چرنجیت چنی کی جگہ لی ہے۔ حلف برداری سے قبل انہوں نے سانگرور حلقہ کے لوک سبھا نمائندہ کی حیثیت سے استعفیٰ دیدیا۔ پنجاب سے وہ واحد عام آدمی پارٹی ایم پی تھے۔ بھگونت مان 17 ویں چیف منسٹر پنجاب بنے ہیں۔ حلف برداری کے بعد انہوں نے خطاب کیا اور کہا کہ انہوں نے ریاست کے تمام افراد کے ساتھ حلف لیا ہے۔ آپ تمام بھی نمائندہ چیف منسٹرس ہوں گے۔ بھگونت نے کہا کہ کام کی شروعات آج ہی سے ہوگی۔ ہم پہلے ہی تاخیر کرچکے ہیں۔ ہم 70 سال تاخیر سے آئے ہیں۔ ہندوستان بھر سے لوگ دہلی آتے ہیں تاکہ اسکولس اور محلہ، کلینکس کا مشاہدہ کرسکے۔ بیرونی شہری پنجاب آتے ہیں تاکہ تصویرکشی کرسکیں۔ بھگونت مان نے عہد کیا کہ وہ پنجاب کو ایسی ریاست میں تبدیل کریں گے جہاں ترقی کے نمونوں کا مشاہدہ کرنے کیلئے دیگر علاقوں سے وفود آئیں گے۔ انہوں نے خصوصیت سے بھگت سنگھ کو خراج پیش کیا۔