ممبئی ۔20 ؍ نومبر( ایجنسیز) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے انل امبانی کی سربراہی والے انل دھیروبھائی امبانی گروپ کیخلاف کارروائی تیز کرتے ہوئے 1400 کروڑ روپے مالیت کی نئی غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس تازہ کارروائی کے بعد ای ڈی کے ذریعے ضبط کی گئی مجموعی جائیدادوں کی مالیت بڑھ کر تقریباً 9,000 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ای ڈی کی کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مرکزی ایجنسی فیما کی جانچ کے سلسلے میں انل امبانی کو کئی مرتبہ سمن بھیج چکی ہے لیکن وہ اب تک ایجنسی کے سامنے پیش نہیں ہوئے ہیں۔ انہیں 17 نومبر کو دہلی میںواقع ای ڈی ہیڈکوارٹر میں پیش ہونا تھا جہاں جیپور۔رِینگس ہائی وے پروجیکٹ سے متعلق فیما معاملے میں ان سے دوسری مرتبہ پوچھ گچھ طے تھی۔ تاہم انل امبانی نے حاضری سے گریز کرتے ہوئے ورچوئل پیشی کی درخواست دی جسے ای ڈی نے نامنظور کر دیا۔اس سے پہلے 14 نومبر کو بھی انہیں طلب کیا گیا تھا لیکن وہ اس سمن کے باوجود ای ڈی کے سامنے حاضر نہیں ہوئے۔ ایجنسی کے مطابق وہ فیما قانون کے تحت ان کا بیان قلم بند کرنا چاہتی ہے۔ یہ جانچ اس الزام کے بعد شروع ہوئی تھی کہ 2010 میں ریلائنس انفرا کو دیے گئے ایک ہائی وے پروجیکٹ کے 40 کروڑ روپے مبینہ طور پر سورت کی فرضی کمپنیوں کے ذریعے دبئی منتقل کیے گئے تھے۔
