حیدرآباد ۔ 22 جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد کے مضافات میں واقع اننت گیری ہلز مسحورکن آبشاروں کے ساتھ گویا ’تلنگانہ کا اوٹی‘ بن گیا ہے۔ یہ خوبصورت ہلز گذشتہ دو دن کی بارش کے بعد نہایت دلکش منظر پیش کررہے ہیں جس سے سیاح اور مقامی افراد دونوں ہی مسحور ہوگئے ہیں۔ اننت گیری کے ہرے بھرے پہاڑ اور اس میں بہتے آبشار اور جھرنے اس علاقہ میں نہایت دلکش منظر پیش کررہے ہیں۔ یہ ہلز نیچر کے دلدادہ لوگوں کیلئے بڑی کشش کا باعث بن گئے ہیں۔ یہاں آنے والے ان ہلز کو مشہور ہل اسٹیشنس جیسے اوٹی اور منار کے مشابہ قرار دے رہے ہیں۔ سیاح اور شہر سے لوگ اس منظر کو دیکھنے کیلئے اننت گیری جارہے ہیں۔ اس کے پیش نظر مقامی عہدیدار اننت گیری کو ایک اہم سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے امکانات تلاش کررہے ہیں۔