سرینگر: لشکرطیبہ کے دو کمانڈرس جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں جمعہ کو سیکوریٹی فورسیس کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے ضلع کے علاقہ سرہاما میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص اطلاع کی بنیاد پر سیکوریٹی فورسیس نے ناکہ بندی کرتے ہوئے جمعرات کی شام سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔ یہ آپریشن انکاؤنٹر میں تبدیل ہوگیا کیونکہ عسکریت پسندوں نے فورسیس پر فائرنگ کی، جنہوں نے جوابی کارروائی کی۔ ساری رات سختی سے ناکہ بندی کو یقینی بنایا گیا تاکہ کوئی بھی عسکریت پسند فرار نہ ہونے پائے۔ صبح میں فائرنگ کے تبادلہ میں دونوں لشکرکمانڈرس ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ مقام واقعہ سے قابل اعتراض مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کئے گئے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر ونئے کمار نے پریس کانفرنس میں اطلاع دی کہ دونوں عسکریت پسند لشکر کمانڈرس تھے۔ ایک کی شناخت پاکستان کے ابوریحان کی حیثیت سے ہوئی اور دوسرے کا نام عادل رشید بتایا گیا۔ یہ دونوں عسکریت پسندوںکی ہلاکت آئی جی پی نے بتایا کہ سیکوریٹی فورسیس کیلئے زبردست کامیابی ہے۔