حیدرآباد :۔ انوارالعلوم کالج آف بزنس مینجمنٹ کے انٹرنل کوالیٹی کنٹرول سیل کے زیر اہتمام ایم بی اے طلبہ کے لیے بیرون ملک تعلیم اور ملازمت کے مواقع پر ایک روزہ ویبینار کا 15 جون 2021 کو اہتمام کیا گیا ۔ ویبینار کا آغاز پروفیسر احمد بیگ رکن گورننگ باڈی انوارالعلوم گروپ آف کالجس کی تقریر سے ہوا ۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ حالانکہ کووڈ 19 کی وجہ کی وجہ سے موجودہ طور پر لوگوں کا سفر اور تعلیم متاثر ہوئی ہے ۔ مگر بہت جلد ویکسین اور دیگر حکومتوں کے اقدامات کی وجہ سے صورتحال بہتر ہوگی ۔ اس سے ان کی تعلیم اور روزگار سے متعلق باشعور انداز میں غور و فکر جاری رہے گی ۔ کالج ہذا کے انٹرنل کوالٹی کنٹرول سیل کے انچارج جناب محمد ابراہیم الدین نے طلبہ سے کہا کہ درخشاں و روشن مستقبل کے لیے ضروری ہے کہ طلبہ آئندہ مستقبل کے لیے ابھی سے غور و فکر کریں اور اس کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کریں ۔ انہوں نے مقرر رشمی وجئے کا تعارف بھی پیش کیا جو ایجوکیشن میاٹرس کی ڈائرکٹر ہیں ۔ مقرر رشمی وجئے نے اپنے خطاب میں کئی ممالک کا احاطہ کیا جن میں آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ ، کینڈا ، برطانیہ ، امریکہ ، فرانس اور جرمنی شامل تھے ۔ انہوں نے ان ممالک میں تعلیم کے لیے درکار سہولیات ، اہلیت ، کام کاج کے تجربہ اور ملازمت کے مواقع کا تذکرہ کیا ۔ انہوں نے IELTS کی اہمیت پر بھی زور دیا جو انگریزی سے واقفیت کا عالمی پیمانہ ہے ۔ مسز رشمی وجئے کافی باریکی سے ہر ملک کے اصول و قوانین ، قواعد و ضوابط ، تعلیمی مواقع اور ملازمت کے مواقع اور امکانات کا ذکر کیا ۔ اپنے خطاب کے بعد انہوں نے طلبہ کے سوالات کے جوابات بھی دئیے ۔ ڈاکٹر سید عبدالعلیم نے شکریہ ادا کیا۔ جلسہ کی کارروائی کالج کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر جناب محمد سلیم پاشاہ نے چلائی ۔۔