کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مصداق کسی کو حب الوطن اور کسی کو غدار کہنے کا حق مل گیا کیا؟۔کجریوال دہشت گرد اور نکسلی:پرویش
نئی دہلی۔29 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر اور وزیر مملکت برائے مالیات انوراگ ٹھاکر اور مغربی دہلی سے پارٹی کے ایم پی پرویش صاحب سنگھ کو دہلی اسمبلی انتخابی مہم کے دوران اُن کے دیئے گئے متنازعہ بیان کو دیکھتے ہوئے بی جے پی کے ا سٹار پرچارکوں کی فہرست سے باہر نکالنے کا حکم ہے ۔ کمیشن کا یہ حکم چہارشنبہ کو فوری طور پر نافذ بھی ہو گیا اور اگلے حکم تک نافذ رہے گا۔خیال رہے ٹھاکر نے رٹھالہ میں بی جے پی امیدوار کی حمایت میں انتخابی مہم کے دوران’’ملک کے غداروں کو، گولی مارو …کو‘‘ ’کا نعرہ لگوایا تھا۔ ورما نے شہریت ترمیمی قانون (سي اے اے ) کی مخالفت میں شاہین باغ میں چل رہے دھرناو مظاہرہ کو لے کر متنازعہ بیان دیا تھا جسے لے کر اپوزیشن نے سخت اعتراض کیا تھا۔ دہلی کانگریس نے الیکشن کمیشن سے اس کی شکایت بھی کی تھی۔یاد رہے کہ انوراگ اور پرویش اس وقت شاہین باغ میں جاری احتجاج سے خوفزدہ بتائے جارہے ہیں اور جب حالات اُن کے ہاتھوں سے نکلتے جارہے ہیں کہ وہ کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مصداق شاہین باغ کے احتجاجیوں کے علاوہ ہر اُس شخص کو جو سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف آواز اُٹھارہا ہے ، اُسے غدار کہہ رہے ہیں جیسا کہ حب الوطنی اور غدار ہونے کا سرٹیفکیٹ دینے والے یہ حضرات دودھ کے دُھلے ہوئے ہیں۔ عام آدمی پارٹی (عآپ)پر مسلسل حملے کرنے والے مغربی دہلی سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے رکن پارلیمنٹ پرویش ورما نے چہارشنبہ کو پارٹی کے قومی کنوینر اور وزیراعلیٰ اروند کجریوال پر نشانہ لگاتے ہوئے انہیں دہشت گرد اور نکسلی بتایا ہے ۔ ورما کا سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ جس طرح نکسلی اور دہشت گرد حکومت کی جائیداد کو نقصان پہنچاتے ہیں وہی کام دہلی کے وزیراعلی بھی کررہے ہیں۔واضح رہے کہ ورما نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے)کے خلاف شاہین باغ میں مظاہرہ کرنے والے لوگوں پر بھی ایک متنازعہ بیان دیاتھا اور اس سلسلے میں دہلی کانگریس نے الیکشن کمیشن میں شکایت بھی کی ہے ۔انہوں نے وزیراعلیٰ اروند کجریوال پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ جیسے دہشت گرد اور نکسلی ملک کو نقصان پہنچاتے ہیں،سڑکوں کو توڑتے ہیں،سرکاری جائیداد کو نقصان پہنچاتے ہیں،وہی کام وزیراعلیٰ اروند کجریوال بھی کررہے ہیں۔ ورما نے آج اپنے ٹویٹر پر بھی لکھا ہے جس میں شاہین باغ پر ان کے بیان کو لے کر دھمکی بھرا فون آنے کی بات کہی گئی ہے ۔انہوں نے لکھا کہ آج صبح اس نمبر2507498+سے دھمکی بھری کال ملی ہے جو روانڈا سے آئی ہے ،اس کی میں دہلی پولیس سے شکایت کرنے جارہاہوں۔
