نئی دہلی ۔28جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کی جانب سے دہلی میں انتخابی ریالی میں استعمال کئے جانے والے مشتعل نعرے کے خلاف کارروائی کرے ۔ تنازعہ پیدا کرتے ہوئے ٹھاکر جو کہ دہلی میں انتخابی ریالی سے خطاب کررہے تھے اس میں انہوں نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو گولی مارنے کی بات کہی تھی ۔ ٹھاکر پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے کہا ہے کہ کیا الیکشن کمیشن اس طرح کے نعرے بازی سے خواب غفلت سے جاگے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک مرکزی وزیر کی جانب سے اس طرح کا گولی مارو بیان دینا یہ اشتعال نہیں دلاتا کہ عوام کے درمیان تشدد برپا ہو ۔ چدمبر نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ بی جے پی کے لوگ 1930میں جرمنی میں رونما ہونے والے واقعات کی یاد دہانی کرارہے ہیں ۔
