گاندھی خاندان کے بارے میں متنازعہ بیان پر کانگریس ارکان کی شدید ناراضگی
نئی دہلی: لوک سبھا میں وزیر مملکت برائے خزانہ انوراگ ٹھاکر کے گاندھی خاندان کے بارے میں متنازعہ بیان پر کانگریس کے اراکین کی ناراضگی کے سبب ایوان کو آج مجموعی طور پر چار مرتبہ ملتوی کرنا پڑا ۔ایک بار پھر التوا کے بعد شام 4.20 بجے ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی کانگریس کے ممبران اپنی نشستوں سے اٹھ کر گلیارے میں کھڑے ہوگئے اور زور سے ‘معافی مانگو، معافی مانگو کے نعرہ لگانے لگے۔ پریزائیڈنگ اسپیکر رما دیوی نے کانگریس کے ممبروں کو ان کی جگہ پر بیٹھنے کی تلقین کرنے کی اپیل کرنے کے ساتھ ہی ضمنی مطابات اور اضافی مطالبات زرپر ایک ساتھ پر بحث کرانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بحث شروع کرنے کے لئے کانگریس کے رہنما ادھیر رنجن چودھری کا نام پکارا۔ چودھری نے اس بحث میں حصہ لینے کے بجائے حکومت پر حملہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان منظم نہیں ہے ۔ اسپیکر پہلے وزیر سے معافی مانگنے کو کہے ۔ ایوان میں اندرا گاندھی یا سونیا گاندھی نہیں ہیں۔ یہ لوگ بدتمیزی کر رہے ہیں۔ انہوں نے حکمراں جماعت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ، “اگر آپ ایوان نہیں چلانا چاہتے ہیں تو نہ چلائیں ۔اقتدار کا غلط استعمال کیا جارہا ہے ۔رما دیوی نے جینت سنہا کا نام لیا۔ سنہا نے بولنا شروع ہی کیا تھا تبھی کانگریس کے ممبران نے نعرے بازی تیز کردی۔ اس پر رما دیوی نے ایوان کی کارروائی 5 بجے تک ملتوی کردی۔