انٹرسکنڈ ایئر امتحانات منسوخ ہونے کے امکانات

   

حیدرآباد ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے سی بی ایس ای 12 ویں جماعت کے امتحانات کی منسوخی کے بعد ریاست میں انٹرمیڈیٹ سکنڈ ایئر کے امتحانات منسوخ ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر یکم مئی سے منعقد ہونے والے انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایر کے امتحانات کو پہلے ہی منسوخ کردیا گیا ہے، جبکہ سکنڈ ایئر کے امتحانات کو ملتوی کردیا گیا تھا۔ ریاستی حکومت نے 27 مئی کو مرکزی حکومت کو ایک رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا تھا کہ جولائی کے تیسرے ہفتہ میں انٹرمیڈیٹ سکنڈ ایئر کے امتحانات کا انعقاد کیا جائے گا۔ تاہم منگل کو دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں سی بی ایس ای 12 ویں جماعت کے امتحانات کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے بعد تلنگانہ حکومت انٹر سکنڈ ایئر کے امتحانات کے انعقاد کے مسئلہ پر نظر ثانی کررہی ہے اور انٹر سکنڈ ایئر کے امتحانات منسوخ کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ لہذا فرسٹ ایئر میں طلبہ نے جو مارکس حاصل کئے اس کی بنیاد پر ہی سکنڈ ایئر میں مارکس دیئے جائیں گے، جبکہ گزشتہ سال فرسٹ ایئر میں ناکام ہونے والے طلبہ کو حکومت نے کامیاب کردیا تھا۔انٹرمیڈیٹ سکنڈ ایئر کے امتحانات میں شرکت کیلئے 4,73,967 لاکھ طلبہ نے فیس داخل کی ہے۔ ان سب کو کامیاب کرنے کا امکان ہے۔