انٹر سکنڈ ایئر پراکٹیکلس کے مکمل نشانات اور فرسٹ ایئر کے مارکس سکنڈ ایئر میں دیئے جائیں گے
حیدرآباد ۔ حکومت نے انٹرمیڈیٹ سکنڈ ایئر کے نتائج جاری کرنے کے لئے رہنمایانہ خطوط کو قطعیت دے دی ہے۔ انٹر فرسٹ ایئر میں طلبہ نے مختلف مضامین میں جو مارکس حاصل کئے تھے وہی مارکس سکنڈ ایئر میں طلبہ کو دینے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ انٹر سکنڈ ایئر پراکٹیکلس کے مکمل مارکس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قبل ازیں فیل ہوئے سبجیکٹس میں 35 فیصد مارکس اور بیاگ لاگس رہنے کی صورت میں 35 مارکس مختص کئے جارہے ہیں۔ خانگی طور پر درخواستیں داخل کرنے والے طلبہ کو 35 فیصد مارکس دینے کی رہنمایانہ خطوط میں صراحت کی گئی ہے۔ نتائج سے مطمئن نہ ہونے والے طلبہ کے لئے حالات ٹھیک ہونے پر امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا جس میں طلبہ حصہ لے سکتے ہیں۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سید عمر جلیل نے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ نتائج سے متعلق رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کے بعد انٹرمیڈیٹ سکنڈ ایئر کے نتائج جاری کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ اندرون ایک ہفتہ کسی بھی وقت نتائج جاری کئے جاسکتے ہیں۔