انٹرمیڈیٹ امتحانات کا کل آغاز،تقریباً 10 لاکھ امیدواروں کی شرکت متوقع

   

ایک گھنٹہ قبل امتحانی مراکز پہنچنے کی ہدایت ، سیل فون کی اجازت نہیں، ہر مرکز پر سی سی ٹی وی کیمرے ، سکریٹری انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن
حیدرآباد ۔23 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے 25 فروری سے شروع ہونے والے جنرل اور ووکیشنل انٹرمیڈیٹ امتحانات کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ فرسٹ اور سکنڈ ایئر انٹرمیڈیٹ کے تھیوری امتحانات کا 25 فروری سے آغاز ہوگا جو 18 مارچ تک جاری رہیں گے۔ امتحان کا وقت صبح 9 تا دوپہر 12 بجے رہے گا۔ روزانہ ایک مضمون کا امتحان ہوگا۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن ایس کرشنا ادتیہ آئی اے ایس نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے تفصیلات جاری کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں جملہ 1495 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں 404 گورنمنٹ جونیئر کالجس ، 221 گورنمنٹ سیکٹر جونیئر کالجس ، 863 پرائیویٹ جونیئر کالجس اور 7 اسکولس شامل ہیں۔ فرسٹ ایئر امتحانات میں امیدواروں کی تعداد 489126 ہے جبکہ سکنڈ ایئر کے ریگولر امیدوار 453932 ہیں۔ سکنڈ ایئر پرائیوٹ امیدواروںکی تعداد 54017 درج کی گئی ہے۔ سکنڈ ایئر ریگولر اور پرائیوٹ جملہ امیدوار 507949 ہیں۔ کرشنا ادتیہ نے بتایا کہ فرسٹ اور سکنڈ ایئر جملہ امیدوار 997075 ہیں۔ امتحانات کے پرامن اور شفافیت کے ساتھ انعقاد کے لئے 1495 چیف سپرنٹنڈنٹس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ محکمہ جاتی عہدیداروں میں 1495 کو امتحانی مراکز پر تعینات کیا جائے گا۔ انویجلیٹرس کی تعداد 28500 رہے گی۔ 75 فلائینگ اسکواڈ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 200 سٹنگ اسکواڈ ٹیمیں رہیں گی۔ فرسٹ اایئر امتحانات میں جنرل زمرہ کے تحت 217428 بوائز اور 224437 گرلز امیدوار شرکت کریں گے۔ ووکیشنل زمرہ میں 22586 بوائز اور 24675 گرلز ہیں۔ سکنڈ ایئر جنرل زمرہ میں بوائز کی تعداد 231471 ہے جبکہ گرلز 230850 ہیں۔ ووکیشنل میں بوائز 22429 اور گرلز 23199 ہیں ۔ امتحانی پرچہ جات اور آنسر بکس کو تمام اضلاع کو روانہ کردیا گیا ہے۔ ضلعی سطح پر اگزامینشن کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے کنوینر ڈسٹرکٹ انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن آفیسر ہوں گے۔ سینئر پرنسپل اور جونیئر لکچررس کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے ۔ ضلع کلکٹر کی صدارت میں اعلیٰ اختیاری کمیٹی قائم کی گئی۔ فلائینگ اسکواڈ میں تین ارکان رہیں گے جن کا تعلق ایجوکیشن ، پولیس اور ریونیو ڈپارٹمنٹ سے رہے گا۔ سٹنگ اسکواڈ امتحانی مراکز میں نقل نویسی کو روکنے کا کام انجام دیں گے۔ آر ٹی سی حکام سے امتحانات کے دوران خصوصی بسوں کے انتظام کی خواہش کی گئی ہے۔ محکمہ برقی سے امتحانات کے دوران بلا وقفہ برقی سربراہی کی خواہش کی گئی ہے۔ محکمہ جات پولیس اور ریونیو سے خواہش کی گئی کہ امتحانی مراکز کے اطراف واقع زیراکس سنٹرس کو صبح 9 تا 12 بجے دن بند رکھا جائے۔ امتحانی مراکز میں امیدواروں کیلئے بنیادی سہولتیں فراہمی پر توجہ دی گئی ہے۔ پینے کے پانی کے علاوہ دیواری گھڑی اور فرنیچر فراہم کیا گیا ہے۔ کوئی بھی طالب علم زمین پر بیٹھ کر امتحان نہیں لکھے گا۔ بدعنوانیوں اور نقل نویسی کی صورت میں عہدیداروں اور امتحانی مرکز کے انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ہر امتحانی مرکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور کنٹرول روم کے ذریعہ نگرانی رہے گی۔ ڈسٹرکٹ آفیسرس کو اسکول کی عمارتوں میں جہاں بھی ضرورت ہو سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ امتحانات کے دوران کمانڈ کنٹرول روم کارکرد رہے گا جہاں 31 اسکرین نصب کئے گئے ہیں۔ تمام 1495 امتحانی مراکز کی نگرانی کمانڈ کنٹرول روم سے کی جائے گی۔ کرشنا ادتیہ نے امیدواروں سے اپیل کی ہے وہ مقررہ وقت سے قبل امتحانی مرکز پہنچ جائیں ۔ کم از کم ایک گھنٹہ قبل صبح 8 بجے پہنچنے کی خواہش کی گئی ۔ صبح 8.45 تا 9.00 بجے امیدوار OMR پر اپنا بائیو ڈاٹا چیک کر پائیں گے اور 9 بجے امتحانی پرچہ حوالے کیا جائے گا۔ بورڈ نے ویب سائیٹ پر ہال ٹکٹس دستیاب رکھے ہیں جسے امیدوار ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ امتحانی مرکز میں موبائیل فون ، الیکٹرانک آلات اور کوئی بھی پرنٹیڈ یا لکھا ہوا کاغذ ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نقل نویسی اور تلبیس شخصی کے خلاف کریمنل کیس درج کئے جائیں گے۔1