انٹرمیڈیٹ امتحانات کیلئے تمام تر انتظامات مکمل

   

امیدواروں کو ذہنی تناؤ سے محفوظ رکھنے ’’ ہیلت ڈیسک‘‘ کا قیام ، وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی کا بیان

حیدرآباد۔2مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کے امتحانات کا 4مارچ سے آغاز ہوگا اور امتحانات کے لئے سرکاری سطح پر تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ محترمہ سبیتا اندرا ریڈی ریاستی وزیر تعلیم نے آج پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ امیدواروں کو ذہنی تناؤ سے محفوظ رکھنے اور ان کی سہولت کیلئے بورڈ کی جانب سے ہیلپ ڈیسک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور اسہیلپ ڈیسک کے ذریعہ طلبہ کی مدد کو یقینی بنایا جائے گا۔ محترمہ سبیتا اندرا ریڈی نے بتایا کہ سال گذشتہ کے ناخوشگوار واقعات کے بعد حکومت کی جانب سے امتحانات کے انعقاد اور طلبہ کے ذہنی تناؤ کو کم کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 4مارچ تا23مارچ منعقد ہونے والے ان امتحانات کا جملہ 1339 مراکز پر انعقاد عمل میں آئے گااور ان تمام مراکز پر ایک چیف سپرنٹنڈنٹ اور ایک محکمہ جاتی عہدیدارکا تقرر عمل میں لایا گیا ہے۔ ریاستی وزیر تعلیم نے کہا کہ ان امتحانات کی نگرانی کیلئے جملہ 26ہزار964 ممتحن کو تعینات کیا گیا ہے۔ امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے محترمہ سبیتا اندرا ریڈی نے بتایا کہ ان امتحانات میں جملہ 9لاکھ 65ہزار 875 امیدوار شرکت کرر ہے ہیں جن میں 4لاکھ 82ہزار808 لڑکے اور 4لاکھ 83ہزار67لڑکیاں شامل ہیں۔ انٹرمیڈیٹ سال اول میں شرکت کرنے والے امیدواروں کی تعداد 4لاکھ80ہزار531 ہے جن میں 2لاکھ36ہزار430 لڑکے اور 2لاکھ 44ہزار101 لڑکیاں شامل ہیں۔ اسی طرح سال دوم میں جملہ 4لاکھ 85ہزار345امیدوار شرکت کر رہے ہیںان میں 2لاکھ 46ہزار378 لڑکے اور 2لاکھ 38ہزار966 لڑکیاں شرکت کریں گی۔ پریس کانفرنس کے دوران مسز چترارامچندرن پرنسپل سیکریٹری محکمہ تعلیم کے علاوہ سیکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن جناب عمر جلیل آئی اے ایس موجود تھے۔ ریاستی وزیر تعلیم نے بتایا کہ امتحانات کے اوقات کار 8:45تا12 بجے دن رہیں گے اور طلبہ کی سہولت کے لئے کنٹرول روم جو قائم کیا گیا ہے اس کے فون نمبرات24600110 اور 24732369 ہیں اس کے علاوہ ہیلپ ڈیسک کے ای۔ میل پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے [email protected] ہے۔ ریاستی وزیر تعلیم نے جاری کردہ ہدایات میں اس بات کی تاکید کی ہے کہ بورڈ کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کئے گئے ہال ٹکٹس کے ساتھ پہنچنے والے طلبہ کو بھی امتحانی مرکز میں داخلہ کی اجازت فراہم کریں۔ امتحانات کی نگرانی کیلئے ریاست بھر میں 75 فلائنگ اسکواڈ ‘ 150 سٹنگ اسکواڈ اور 450 کسٹوڈین کو متعین کیا گیا ہے۔