انٹرمیڈیٹ امتحانات کیلئے ضلع میں سخت حفاظتی انتظامات: ایس پی

   

محبوب نگر /5 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع ایس پی شریمتی جانکی دھراوت نے اپنے صحافتی بیان میں بتایا کہ 5 تا 22 مارچ کے درمیان منعقد ہونے والے انٹرمیڈیٹ امتحانات کیلئے محکمہ پولیس نے سخت حفاظتی انتطامات کئے ہیں۔ ضلع بھر کے امتحانی مراکز پر 163 بی این ایس ایس ( دفعہ 144) کا نفاذ عمل میں لایا جارہا ہے ۔ جملہ 36 امتحانی مراکز میں سال اول کے 10922 سال دوم کے 11561 جملہ 22483 طلباء امتحانات تحریر کریں گے ۔ ایس پی نے بتایا کہ امتحانی مراکز کے اطراف تمام زیر اکس سنٹرز اور انٹرنیٹ سنٹرز بند کروائے جائیں گے ۔ لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی رہے گی ۔ مرکز کے 200 میٹر کے اندر کسی کو ٹہرنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ امتحان لکھنے والے طلباء کو قواعد کی سختی سے پابندی کرنا ہوگا ۔ ہال ٹکٹ پر درج کئے گئے وقت پر مرکز پہونچنا ہوگا ۔ حسب ذیل اشیاء کو امتحانی مرکز میں لانے پر پابندی رہے گی ۔ سیل فون ، ٹیابس ، پین ڈرائیوز ، بلو ٹوتھ ڈیوائزر ، الکٹرانک گھڑیاں، کیالکولیٹرز ، بٹوے ، مرکز کے باب الداخلہ پر پولیس سخت چیکنگ کرے گی ۔ طلباء پولیس سے تعاون کریں ۔