حیدرآباد : تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کی جانب سے یکم مئی سے منعقد کئے جانے والے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں شرکت کیلئے تاحال 9.25 لاکھ سے زائد طلبہ نے رجسٹریشن کروایا ہے ۔ انٹرمیڈیٹ امتحانات کیلئے فیس ادا کرنے والے گورنمنٹ جونیر کالجس میں زیرتعلیم جملہ طلبہ میں سال اول کے 94793 اور سال دوم کے 83,712 طلبہ تھے ۔ ایک سینئر عہدیدار کے مطابق گورنمنٹ جونیر کالجس میں داخلے حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد میں سال 2020-21 میں اضافہ ہوا ہے ۔ گزشتہ سال اس امتحان کیلئے تقریباً 65000 سال اول کے طلبہ رجسٹرڈ ہوئے تھے اب یہ تعداد بڑھ کر 94,793 ہوگئی ہے ۔ کورونا وباء کے پیش نظر بورڈ نے امتحانات کے آسانی کے ساتھ انعقاد کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں ۔ سماجی فاصلہ کی برقراری کو یقینی بنانے کیلئے بورڈ نے امتحانی مراکز کی تعداد میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور امتحانات کے انعقاد کیلئے 300 تا 400 گورنمنٹ اسکولس اور ڈگری کالجس کی عمارتوں کا استعمال کیا جائے گا ۔