ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی جونیر کالجس میں تنصیب، 25 فروری سے تھیوری امتحانات
حیدرآباد 10 فروری (سیاست نیوز) سکریٹری ایس سی ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر جیوتی بدھا پرکاش نے آج بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کا دورہ کرتے ہوئے انٹرمیڈیٹ پریکٹیکل امتحانات کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے کمانڈ کنٹرول روم میں نصب کردہ سی سی ٹی وی سرویلینس سے پریکٹیکل امتحانات کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر جیوتی بدھا پرکاش نے تمام سرکاری اور خانگی جونیر کالجس میں سی سی ٹی وی کے ذریعہ پریکٹیکل امتحانات کی نگرانی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی جونیر کالجس میں جاری پریکٹیکل امتحانات پر کمانڈ کنٹرول روم سے نظر رکھی جارہی ہے۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کرشنا آدتیہ نے بتایا کہ سی سی ٹی وی نگرانی کے نتیجہ میں پریکٹیکل امتحانات کے بہتر انعقاد میں مدد ملی ہے اور امتحانات شفافیت کے ساتھ جاری ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ امتحانات میں کوئی بھی غیر متعلقہ مداخلت کی گنجائش نہیں ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ 25 فروری سے شروع ہونے والے تھیوری امتحانات کی نگرانی بھی سی سی ٹی وی سرویلینس کے ذریعہ کی جائے گی۔ جونیر کالجس کے انٹرنس، چیف سپرنٹنڈنٹ کے روم اور اگزامنیشن ہالس میں کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ ریاست بھر میں 6 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے۔ اُنھوں نے بتایا کہ امتحان ہال میں موبائیل فون پر سختی سے پابندی عائد کی گئی ہے اور چہرہ شناسی سسٹم کے ذریعہ طلبہ کی حاضری لی جارہی ہے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے ایچ آر ایم ایس پورٹل متعارف کیا ہے جس کے ذریعہ بورڈ کے ملازمین اپنے دفتری اُمور کی یکسوئی کرسکتے ہیں۔1