طلبہ کو سہولتیں فراہم کرنے متعلقہ عہدیداروں کو ایڈیشنل کلکٹر کی ہدایت
کریم نگر ۔ 10 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انٹرمیڈیٹ امتحانات کے لیے ٹھوس انتظامات کی ایڈیشنل کلکٹر جی وی۔ شیام پرساد لال نے عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ بروز جمعہ کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کے انتظامات پر ایڈیشنل کلکٹر جی وی۔ شیام پرساد لال نے عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا۔ ایڈیشنل کلکٹر نے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے امتحانات 15 مارچ سے منعقد کئے جارہے ہیں۔ ضلع کریم نگر کے 51 امتحانی مراکز میں امتحانات میں شرکت کرنے والے طلباء کو کسی طرح کی دشواری پیش نہ ہو اس کے لئے پینے کے پانی، بیت الخلاء اور مرکز میں روشنی کا مناسب انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک امتحان کا انعقاد کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امتحانی مراکز و اطراف و اکناف دفعہ 144 کا نفاذ کیا جائے۔ امتحان کے دوران بنا تعطل بجلی کی فراہمی کے انتظام کئے جائیں۔اس اجلاس میں حضور آباد آر ڈی او ہری سنگھ، ڈی آئی ای او راجی لکشمی، ڈسٹرکٹ فائر آفیسر ٹی. وینکنا، ضلع پنچایت افسر ویرابوچیاا، ڈپٹی آر ایم این۔ چندر راؤ، محکمہ بلدیات کے عہدیداروں و دیگرنے شرکت کی۔