حیدرآباد۔21جنوری(سیاست نیوز) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ امتحانات کے دوران 5 منٹ کی تاخیر سے امتحانی مرکز پہنچنے والے طلبہ کو امتحان تحریر کرنے کی اجازت دی جائے گی ۔ عہدیداروں نے سال گذشتہ حکومت کے فیصلہ کو جاریہ سال کے دوران بھی قابل عمل بنانے کااعلان کیا ہے۔ اگر طلبہ 9:05 تک بھی امتحان گاہ پہنچتے ہیں تو انہیں داخلہ کی اجازت فراہم کی جائے گی اور امتحان تحریر کرنے دیا جائے گا لیکن طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 8:45 تک اپنے امتحانی مرکز پہنچ جائیں تاکہ انہیں کسی بھی طرح کی دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ بتایا جاتا ہے کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے 9تا12بجے کے درمیان منعقد ہونے والے امتحانات میں شرکت کے لئے طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 15منٹ قبل امتحانی مرکز پہنچ جائیں تاکہ انہیں کسی بھی طرح کے مسائل کا سامنا نہ کرنے پڑے لیکن اگر کوئی امیدوار کسی وجہ سے 5منٹ کی تاخیر سے پہنچتا ہے تو ایسی صورت میں انہیں روکا نہیں جائے گا بلکہ امتحان تحریر کرنے کی اجازت دی جائے گی لیکن 9:05 کے بعد کسی بھی امیدوار کوامتحانی مرکز میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔ تلنگانہ میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے امتحان 25فروری تا 18مارچ کے دوران منعقد ہونے والے ہیں اور تعلیمی سال 2025-26 کے ان سالانہ امتحانات میں سال اول اور دوم میں مجموعی طور پر 10لاکھ 47ہزار 815 امیدوار شرکت کریں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت کے بعد بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے ٹائم ٹیبل تیار کیا ہے اس کے مطابق 2تا21فروری کے دوران پریکٹیکل اور ووکیشنل امتحانات منعقد کئے جائیں گے اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ پریکٹیکل و تھیوری امتحانات کے لئے علحدہ ہال ٹکٹس جاری کرے گا۔3