نارائن پیٹ 25؍فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ کیاگیاا ورامتحانی مرکز پر پولیس چوکس رہیں۔25 فروری سے 18 مارچ تک ہونے والے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے پیش نظر نارائن پیٹ ضلع میں کل 15 امتحانی مراکز ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ضلع ایس پی ڈاکٹر ونیت (آئی پی ایس )نے یہ بات بتائی‘ انہوںنے کہا کہ صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک ہونے والے امتحانات کے پیش نظر حکم دیا گیا ہے کہ امتحانی مرکز کے 100 میٹر کے اندر کوئی زیراکس سنٹر کھلا نہ رکھا جائے۔ واضح کیا گیا کہ امتحانی مراکز پر دفعہ 163 بی این ایس ایس (دفعہ 144) نافذ رہے گی اور مراکز میں گروپس میں گھومنے پھرنے پر پابندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی مرکز میں موبائل فون کا استعمال نہ کیا جائے۔ اس موقع پر پولیس افسران نے اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے ہر امتحانی سنٹر کا دورہ کیا اور انہیں امتحانات کے اختتام تک چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔ انہیں امتحان کے اوقات میں مراکز کے قریب زیراکس سنٹرس کو بند کرنے کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ امتحانی سپرنٹنڈنٹ کے حکم کے مطابق عملہ اپنے فرائض سرانجام دیں اور امتحان کے بعد سوالیہ پرچوں کو تھانے سے امتحانی مراکز اور پوسٹ آفس منتقل کرنے تک حفاظتی دستے کا بندوبست کریں۔ عملے کو واضح ہدایات جاری کی گئیں کہ امتحانی مراکز کے اندر الیکٹرانک ڈیوائسز لانے کی اجازت نہ دی جائے۔