انٹرمیڈیٹ امتحان ‘ تلبیس شخصی کے الزام میں دو افراد گرفتار

   

حیدرآباد ۔ /3 مارچ (سیاست نیوز) تلبیس شخصی کے ذریعہ انٹرمیڈیٹ امتحانات لکھنے کی کوشش کرنے والے دو نوجوانوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب گولکنڈہ شیخ پیٹ تلنگانہ سوشیل ویلفیر ریسیڈنشیل جونیر کالج میں خالد علی خاں کی بجائے اس کا دوست عابد اللہ خان امتحان لکھنے پہونچا تھا ۔ امیدواروں کی تنقیح کے دوران انویجیلیٹر نے اس دھاندلی کا پتہ لگا کرعابد اللہ خان کو پولیس کے حوالے کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ انٹرمیڈیٹ سال دوم کے امتحان کیلئے خالد علی خان نے اپنے دوست عابد اللہ خان سے گزارش کی تھی جس کے نتیجہ میں اپنے دوست کیلئے عابد اللہ امتحان لکھنے کیلئے پہونچا تھا ۔ پولیس گولکنڈہ نے بتایا کہ عابد اللہ نے انویجیلیٹر کی جانب سے نشاندہی کے باوجود انتظامیہ سے بحث کی ۔ انٹرمیڈیٹ حکام نے کہا کہ خالد علی خاں کے ہال ٹکٹ پر عابد اللہ امتحان کیلئے پہونچا تھا جہاں کارروائی کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔ پولیس نے گرفتار نوجوان کے خلاف تلبیس شخصی اور دھوکہ دہی کے تحت مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات جاری ہیں ۔ اسی قسم کی ایک اور کارروائی میں گوکل جونیر کالج آئی ایس سدن سعید آباد میں بھی ایک نوجوان کو تلبیس شخصی میں ملوث ہونے پر گرفتار کرلیا گیا۔ بتایا گیا کہ تلنگانہ میں نقل نویسی پر 18طلباء کے خلاف کارروائی کی گئی۔