انٹرمیڈیٹ امتحان میں غیر حاضر طلباء بھی کامیاب

   

احکامات جاری، 27 ہزار سے زائد طلباء کو فائدہ

حیدرآباد: ریاستی حکومت کی جانب سے انٹرمیڈیٹ امتحانات کی فیس داخل کرنے والے تمام طلبہ کو کامیاب قرار دینے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ احکامات میں انٹرمیڈیٹ امتحانات میں غیر حاضر رہنے والے طلبہ کو بھی کامیاب قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سابق میں انٹرمیڈیٹ کے نتائج کی اجرائی کے بعد ناکام ہونے والے طلبہ کو کامیاب قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن امتحانات میں غیر حاضر رہنے والے طلبہ کو ناکام قراد یا گیا تھا مگر ان طلبہ کے مستقبل کا باریکی سے جائزہ لینے کے بعد محکمہ تعلیم کی جانب سے آج احکام جاری کرتے ہوئے امتحانات کے دوران غیر حاضر رہنے والے 27 ہزار 589 امیدواروں کو بھی کامیاب قرار دینے کے احکام جاری کردیئے گئے ہیں اور ان طلبہ میں نقل نویسی کرتے ہوئے پکڑے جانے والے 338 طلبہ بھی شامل ہیں جنہیں کامیاب قرار دیا گیا ہے ۔ ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیم کی جانب سے کورونا وائرس کی صورتحال اور تعلیمی شعبہ میں پائی جانے والی بے چینی کی کیفیت کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے اس فیصلہ سے ریاست تلنگانہ میں جس طرح ایس ایس سی امتحانات کیلئے فیس داخل کرنے والے تمام طلبہ کامیاب قرار دیئے گئے ہیں اسی طرح انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو بھی کامیاب قرار دیا جاچکا ہے کیونکہ اب جبکہ ریاست میں چند انٹرمیڈیٹ طلبہ ہی رہ گئے تھے جو حکومت کی جانب سے ناکام قرار دیئے جانے والے طلبہ کو بھی کامیاب کئے جانے کے باوجود بھی اپنی غیر حاضری کے سبب ناکام قرار دیئے گئے تھے ان کو بھی کافی غور و خوض کے بعد کامیاب قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے اس سلسلہ میں احکامات بھی اجرائی عمل میں لائی جاچکی ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے طلبہ کے متعلق کورونا وائرس کے دوران اختیار کئے جانے والے فراخدلانہ رویہ سے تعلیمی سال 2019-20 کے نتائج کا جائزہ لیا جائے تو اس اعتبار سے ریاست تلنگانہ میں ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج صد فیصد ہیں۔تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق امتحان میں غیر حاضر رہنے والے طلبہ کو کامیاب قرار دیئے جانے کے فیصلہ کے ساتھ ان کے میمو کی اجرائی کی بنیاد انہیں دیئے جانے والے اقل ترین اضافی نشانات ہوں گے ۔