انٹرمیڈیٹ سال دوم سپلیمنٹری امتحانی نتائج کا اعلان

   

Ferty9 Clinic

۔37.76 فیصد طلبہ کامیاب ‘ ضلع عادل آباد پہلے اور ضلع وقارآباد آخری مقام پر

حیدرآباد 14 جولائی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں گزشتہ ماہ کے دوران منعقد انٹرمیڈیٹ سال اوّل اور سال دوّم کے اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات سے متعلق آج انٹرمیڈیٹ سال دوّم اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ دفتر تلنگانہ ریاستی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن واقع نامپلی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سکریٹری تلنگانہ ریاستی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن ڈاکٹر اشوک کمار نے انٹرمیڈیٹ سال دوّم اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج جاری کئے اور بتایا کہ انٹرمیڈیٹ سال اوّل اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج کا ایک ہفتہ بعد اعلان کیا جائے گا۔ انھوں نے انٹرمیڈیٹ سال دوّم اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ سال دوّم انٹرمیڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانی نتائج کا اوسط 37.76 فیصد رہا جبکہ انٹرمیڈیٹ سال دوّم اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات میں جملہ 1,60,487 طلباء و طالبات نے شرکت کی جن کے منجملہ 60,600 طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کی۔ کامیابی حاصل کرنے والوں میں طلباء کا اوسط 35.4 فیصد اور طالبات کا اوسط 41.35 فیصد رہا اور اس طرح انٹرمیڈیٹ سال دوّم اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج میں لڑکوں کے مقابلہ میں لڑکیوں کو سبقت حاصل رہی۔ سکریٹری تلنگانہ ریاستی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے مزید بتایا کہ امتحانی نتائج میں 32 اے گریڈ، 71 بی گریڈ 60 سی گریڈ اور 54 طلباء و طالبات نے ڈی گریڈ میں کامیابی حاصل کی۔ ڈاکٹر اشوک کمار نے اخباری نمائندوں کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ 15 جولائی کو صبح 11 بجے سے طلباء و طالبات اپنے میمورنڈم آف مارکس آن لائن کے ذریعہ ڈاؤن لوڈ کرلے سکتے ہیں اور اگر کوئی طلباء و طالبات اپنے نشانات کی دوبارہ گنتی کروانا چاہتے ہوں یا پرچوں کی ری ویریفیکیشن کروانا چاہتے ہوں تو وہ بھی آن لائن کے ذریعہ جاریہ ماہ 23 جولائی تک اپنی درخواستیں پیش کرسکتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ سال دوّم اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانی نتائج میں ضلع عادل آباد کو 62 فیصد نتیجہ کے ساتھ پہلا مقام حاصل ہوا ہے اور ضلع وقارآباد کو 25 فیصد نتیجہ کے ساتھ آخری مقام حاصل ہوا ہے۔