انٹرمیڈیٹ طلبہ کو مفت یونیفارمس اور کٹس،گرمائی تعطیلات کم کرنے کا بھی منصوبہ

   

حیدرآباد : /29 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو بڑی سہولت فراہم کرنے کیلئے اہم فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اب مفت یونیفارم اور تعلیمی کٹس نہ صرف سرکاری کالجس بلکہ خانگی اور امدادی کالجس میں زیرتعلیم آرٹس ، سائینس اور کامرس کے ان طلبہ کو بھی فراہم کئے جائیں گے جو فیس ری ایمبرسمنٹ (فیس کی واپسی) حاصل کررہے ہیں ۔ حکومت نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ کالجس کھلنے کے بعد اندرون ایک ماہ تمام اہل طلبہ میں یونیفارم اور کٹس کی تقسیم کو یقینی بنایا جائے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ یہ اقدام انٹرمیڈیٹ طلبہ کیلئے نافذ فلاحی اسکیم کا حصہ ہے ۔ جس کا مقصد طلبہ پر مالی بوجھ کم کرنا اور انہیں تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کیلئے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے ۔ اس کے ساتھ حکومت انٹرمیڈیٹ کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے گرمیوں کی چھٹیوں میں کمی کرنے کے منصوبے پر بھی غور کررہی ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ تعطیلات میں کمی سے تعلیمی کیلنڈر کو موثر بنایا جاسکے گا اور طلبہ کو نصاب کی تکمیل کیلئے زیادہ وقت میسر آئے گا ۔ انٹرمیڈیٹ سال اول کے طلبہ کو مفت یونیفارمس کے ساتھ ویلکم کٹس دیئے جائیں گے ۔ اس اسکیم کے تحت ہر طالب علم کو دو جوڑے یونیفارم فراہم کئے جائیں گے ۔ لڑکوں کو شرٹ ، پائینٹ ، لڑکیوں کو شلوار قمیص دئے جائیں گے ۔ ساتھ ہی ویلکم کٹس میں بیاگ ، نوٹ بکس ، پنسل ، پین ، رولر ، ایریزر (ربر) شارپنر جیسی اشیاء دستیاب رہیں گے ۔ حکومت کے اس فیصلے کا تعلیمی حلقوں میں خیرمقدم کیا جارہا ہے جبکہ طلبہ اور والدین نے بھی اس کو مثبت قدم قرار دیا ہے ۔ اس سے جہاں تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی وہیں تعلیمی اخراجات بھی کم ہوں گے ۔ 2