انٹرمیڈیٹ طلبہ کے لیے کیریئر کونسلنگ کا آن لائین سیمینار

   

ماہرین کی شرکت، سید عمر جلیل آئی اے ایس کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 5 جون (سیاست نیوز) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کی جانب سے ریاستی سطح کے کیریئر کونسلنگ کا 11 جون کو آغاز ہوگا۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل آئی اے ایس نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکائونٹنٹ آف انڈیا اور ہندی مہا ودیالیہ کے اشتراک سے اسٹیٹ ویبنار کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ کیریئر کونسل پر مشتمل اس ویبنار کا 11 جون کو 3 بجے سہ پہر آغاز ہوگا۔ ویبنار کے ذریعہ طلبہ کامرس، لائف سائنس، آرٹس اور ووکیشنل کورسس میں کونسلنگ حاصل کرسکتے ہیں۔ چارٹرڈ اکائونٹنٹ انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا اور ہندی مہا ودیالیہ ملک کے دو نامور ادارے ہیں۔ عمر جلیل نے انٹرمیڈیٹ طلبہ سے اپیل کی کہ وہ دنیا بھر میں موجود مواقع اور اپنے کیریئر کے بارے میں بہتر فیصلہ کرنے کے لیے ویبنار میں شرکت کریں۔ بورڈ کی جانب سے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ ویبنار کے دوران مسز اشونی سنپورکر اسسٹنٹ پروفیسر ڈپارٹمنٹ آف کامرس، مسز لاونیا اسسٹنٹ پروفیسر ڈپارٹمنٹ آف ووکیشنل اسٹیڈیز، مسز ہریتا ڈپارٹمنٹ آف سائنس اور ڈاکٹر اوما پرنسپل ایم سی گپتا کالج مختلف موضوعات پر خطاب کریں گے۔ سید عمر جلیل کلیدی خطبہ دیں گے جبکہ کمشنر کالجیٹ اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن نوین متل آئی اے ایس، سی اے دیانواس شرما سنٹرل کونسل ممبر آئی سی اے آئی اور سی اے پنکج تریویدی چیرمین حیدرآباد برانچ ایس آئی آر سی کا بھی خطاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ویبنار میں حصہ لیتے ہوئے انٹرمیڈیٹ طلبہ اپنے بہتر مستقبل کو یقینی بناسکتے ہیں۔