انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر امتحانات کو ہائی کورٹ کا گرین سگنل

   

لمحہ آخر میں مداخلت سے انکار، عدالت کے مشورہ پر پٹیشن سے دستبرداری
حیدرآباد۔22 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے 25 اکتوبر سے انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر امتحانات پر روک لگانے سے انکار کردیا جس کے بعد انٹرمیڈیٹ امتحانات کے انعقاد کو ہائی کورٹ سے گرین سگنل مل چکا ہے ۔ پیرینٹ اسوسی ایشن کی جانب سے مفاد عامہ کی درخواست دائر کرتے ہوئے امتحانات منسوخ کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ موجودہ مرحلہ میں عدالت کوئی مداخلت نہیں کرے گی ۔ درخواست میں کہا گیا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے فرسٹ ایئر کے طلبہ کو امتحان کے بغیر سکنڈ ایئر میں پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور طلبہ نے سکنڈ ایئر کی تعلیم کا آغاز کردیا ہے ۔ ایسے موقع پر فرسٹ ایئر کے امتحانات کے انعقاد سے طلبہ میں الجھن پائی جاتی ہے ۔ پیرینٹس اسوسی ایشن کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ کورونا وباء کے پیش نظر طلبہ نے ایس ایس سی کے امتحانات میں شرکت نہیں کی تھی اور انہیں پروموٹ کردیا گیا۔ اسی طرح انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر کے طلبہ کو بھی امتحانات کے بغیر پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انٹرمیڈیٹ سکنڈ ایئر میں طلبہ کے تعلیمی معیار کی جانچ کے لئے امتحان کا انعقاد ضروری ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ طلبہ کو پروموٹ کرنے کے موقع پر بورڈ اف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے صورتحال کے لحاظ سے امتحانات منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ فریقین کی سماعت کے بعد ہائی کورٹ نے کہا کہ اب جبکہ 25 اکتوبر سے امتحانات کا آغاز ہوگا ، ایسے میں عین وقت پر عدالت کوئی مداخلت کرنا نہیں چاہتی۔ عدالت نے کہا کہ ایسے وقت جبکہ امتحانات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، اس طرح کی پٹیشن سے طلبہ میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی درخواست واپس لے لے۔ ہائی کورٹ کے آج کے ایجنڈہ میں پیرینٹس اسوسی ایشن کی درخواست شامل نہیں تھی لیکن اسوسی ایشن کے وکیل کی درخواست پر عدالت نے ہنگامی طور پر سماعت کی۔ ہفتہ اور اتوار کو عدالت کو تعطیل رہتی ہے اور پیر سے امتحانات کا آغاز ہوگا۔ ایسے میں عدالت کوئی مداخلت نہیں کرے گی۔ عدالت کی تجویز پر درخواست گزار نے پٹیشن سے دستبرداری اختیار کرلی۔ ر