انٹرمیڈیٹ میں پولٹیکل سائنس مضمون برقرار سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کی وضاحت

   

حیدرآباد 30 مئی (سیاست نیوز) سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل نے انٹرمیڈیٹ کورسیس سے پولٹیکل سائنس مضمون کو حذف کرنے سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بعض گوشوں میں یہ خبر پھیلائی گئی کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے آئندہ تعلیمی سال سے پولٹیکل سائنس مضمون کو حذف کردیا ہے۔ اُنھوں نے وضاحت کی کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کی جانب سے پولٹیکل سائنس (سیوکس) مضمون کو کامرس، سیوکس، اکنامکس (سی ای سی) گروپ اور ہسٹری، اکنامکس اینڈ سیوکس (ایچ ای سی) گروپ میں فرسٹ اور سیکنڈ ایئر کورسیس میں اختیاری مضمون کے طور پر شامل کیا جاتا ہے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن وقفہ وقفہ سے نئے کورسیس متعارف کرتی ہے جو سماج کی ضرورت کے مطابق ہوتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ پولٹیکل سائنس مضمون کو نکالنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ بورڈ کے پاس اِس طرح کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ عوام کو افواہوں پر توجہ دینے سے گریز کرنا چاہئے۔ اُنھوں نے صحافت کے بعض گوشوں میں اس طرح کی خبروں کو گمراہ کن اور بے بنیاد قرار دیا۔ ر