انٹرمیڈیٹ نتائج واٹس ایپ کے ذریعہ جاری کرنے کا منصوبہ

   

حیدرآباد۔13اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے امتحانات کے نتائج واٹس ایپ کے ذریعہ جاری کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ کہا جار ہاہے کہ پڑوسی آندھراپردیش میں جس ٹکنالوجی کا استعمال کرکے یہ کیا گیا اسی ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ تلنگانہ میں بھی انٹرمیڈیٹ کے نتائج واٹس ایپ نمبر کے ذریعہ جاری کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق بورڈ کے ذمہ داروں نے اس عمل کا جائزہ لینا شروع کردیا اور کہا جا رہا ہے کہ مارچ2025 میں منعقد امتحانات کے نتائج یا پھر اڈوانسڈ سپلمنٹری امتحانات کے نتائج واٹس ایپ پر جاری کئے جاسکتے ہیں۔ پڑوسی آندھراپردیش میں انٹرمیڈیٹ کے نتائج کی اجرائی واٹس ایپ پرعمل میں لائی گئی تھی اور اس سلسلہ میں اقدامات حکومت آندھراپردیش کے ذریعہ چلائی جانے والی واٹس ایپ گورننس کے نمبر پر عمل میں لائی گئی تھی ۔ واٹس ایپ گورننس میں آندھراپردیش حکومت زائد از 200 خدمات فراہم کر رہی ہے اور پہلی مرتبہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج کی اجرائی کے اقدامات کئے گئے تھے اور کامیابی کے ساتھ جاری کئے گئے نتائج کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سے بھی واٹس ایپ پر نتائج کی اجرائی کے اقدامات کا جائزہ لیا جارہا ہے لیکن نتائج کی اجرائی کیلئے اب جبکہ بہت کم وقت رہ گیا ہے تو ایسی صورت میں ان نتائج کی اجرائی کے سلسلہ میں فوری طور پر اقدامات کا امکان موہوم ہے لیکن کوشش جاری ہے کہ طلبہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے جاری کئے گئے نمبر پر اپنے ہال ٹکٹ نمبر روانہ کرتے ہوئے نتائج حاصل کرسکیں اور واٹس ایپ نمبر پر ہی میمو کی نقل حاصل کرسکیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ اگر ان امتحانات کے نتائج کی واٹس ایپ پر اجرائی ممکن نہیں ہوتی ہے تو اڈوانسڈ سپلمنٹری کے نتائج واٹس ایپ پر جاری کرنے کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔3