(انٹرمیڈیٹ نتائج کا اعلان)فرسٹ ایئر میں 65.96 اور سیکنڈ ایئر میں 65.65 فیصد امیدوار کامیاب

,

   

لڑکیوں کا مظاہرہ لڑکوں سے بہتر، فرسٹ ایئر میں میڑچل اور سیکنڈ ایئر ملگ ضلع ریاست میں سرفہرست، بھٹی وکرامارکا نے نتائج جاری کئے

حیدرآباد 22 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ امتحانات فرسٹ اور سیکنڈ ایئر کے نتائج آج جاری کردیئے گئے۔ انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر کے نتائج 65.96 فیصد رہے جبکہ سیکنڈ ایئر کا نتیجہ 65.65 فیصد رہا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر اور وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آج بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن میں نتائج جاری کئے۔ انٹرمیڈیٹ امتحانات مارچ 2025 ء میں جملہ 997012 امیدواروں نے شرکت کی اور ریاست میں 1532 امتحانی مراکز قائم کئے گئے۔ انٹر نتائج میں لڑکیوں کا مظاہرہ لڑکوں سے بہتر رہا۔ انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر میں لڑکیوں کی کامیابی کا فیصد 73.83 درج کیا گیا جبکہ لڑکوں کی کامیابی 57.83 فیصد رہی۔ انٹر سیکنڈ ایئر میں 74.21 لڑکیوں نے کامیابی حاصل کی جبکہ لڑکوں کی کامیابی کا فیصد 57.31 درج کیا گیا۔ فرسٹ اور سیکنڈ ایئر میں لڑکیوں کو لڑکوں کے مقابلہ غیرمعمولی سبقت حاصل رہی۔ انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر میں جملہ 488430 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں جنرل امیدواروں کی تعداد 439302 تھی جبکہ ووکیشنل امیدوار 49128 رہے۔ اے گریڈ یعنی 75 فیصد سے زائد نشانات حاصل کرنے والے امیدواروں کی تعداد 207833 درج کی گئی۔ فرسٹ ایئر میں جملہ کامیاب امیدوار 322191 رہے جن میں جنرل 293852 اور ووکیشنل 28339 ہیں۔ جنرل امیدواروں کی کامیابی کا فیصد 66.89 رہا جبکہ ووکیشنل امیدواروں نے 57.68 فیصد کامیابی حاصل کی۔ فرسٹ ایئر میں جملہ 240163 لڑکوں نے حصہ لیا جبکہ اِن میں سے 138897 امیدوار کامیاب رہے جبکہ لڑکیوں میں 248267 نے امتحان میں شرکت کی اور 183294 کامیاب رہے۔ فرسٹ ایئر میں 31 طلبہ نقل نویسی میں پکڑے گئے اور 4 امیدواروں کے نتائج روک دیئے گئے۔ سیکنڈ ایئر میں جملہ 508582 امیدواروں نے حصہ لیا اور کامیاب امیدواروں کی تعداد 333908 درج کی گئی۔ اے گریڈ میں کامیاب امیدواروں کی تعداد 212297 درج کی گئی۔ سیکنڈ ایئر امتحان میں جملہ 251173 لڑکیوں نے شرکت کی جن میں 186385 کامیاب رہے۔ امتحان میں شرکت کرنے والے لڑکوں کی تعداد 257409 ریکارڈ کی گئی جس میں سے 147523 کامیاب رہے۔ گزشتہ 4 برسوں کے مقابلہ انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج بہتر رہے۔ 2024 ء میں مجموعی نتیجہ 57.46 درج کیا گیا تھا جبکہ جاریہ سال کا مجموعی نتیجہ برائے فرسٹ اینڈ سیکنڈ ایئر 71.37 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ جونیر کالجس کے پرنسپلس ویب سائٹ https://tgbie.cgg.gov.in پر اپنے کالج کے نتائج کا مشاہدہ کرسکتے ہیں جبکہ طلبہ اور اُن کے سرپرست بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی ویب سائٹ پر نتائج معلوم کرسکتے ہیں۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے کسی بھی شکایت کے لئے ہیلپ ڈیسک قائم کیا ہے جہاں فون نمبر 9240205555 پر نتائج سے متعلق کسی بھی شکایت پر مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔ انٹرمیڈیٹ سیکنڈ ایئر کے نتائج میں ملگ ضلع 80.12 فیصد کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ آصف آباد 79.52 کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ کاماریڈی 54.93 فیصد کے ساتھ آخری نمبر پر رہا۔ انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر میں میڑچل 77.59 فیصد کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ رنگاریڈی 76.96 فیصد نتائج کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ میدک ضلع 46.87 فیصد کے ساتھ آخری نمبر پر رہا۔1