انٹرمیڈیٹ نتائج کا اعلان ۔ 68.86طلبا کامیاب

,

   

کامیابی کے تناسب میں لڑکیوں کو سبقت ۔ سبیتا اندرا ریڈی نے نتائج جاری کئے

حیدرآباد۔18جون(سیاست نیوز) تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ نتائج کا وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے اعلان کردیا ۔ کامیاب ہونے والوں میں حسب روایت لڑکیوں کو سبقت حاصل ہے ۔مجموعی اعتبارسے سال دوم میں لڑکیوںنے 75.15 فیصد کامیابی حاصل کی ہے جبکہ لڑکوں نے 62.10 فیصد کامیابی حاصل کی ہے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ آن لائن جاری ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ نتائج کی اجرائی کے موقع پر محترمہ چترا رامچندرن آئی اے ایس‘ جناب عمر جلیل سیکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے علاوہ محکمہ تعلیم اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے دیگر عہدیدار موجود تھے۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ ریاست میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کا پر امن اور بہتر انداز میں انعقاد عمل میں لایا گیاتھا اور تمام امتحانات مکمل کئے جاچکے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ انٹر سال دوم میں مجموعی اعتبار سے کامیابی کا فیصد 68.86 رہا جبکہ سال اول میں کامیاب ہونے والے طلبہ کا فیصد 60.1رہا۔ مسزسبیتا اندرا ریڈی نے بتایا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں جملہ 9لاکھ 65ہزار 839 امیدواروں نے شرکت کی تھی جن میں 4 لاکھ 80 ہزار 516امیدوار سال اول کے تھے اور 4لاکھ 85ہزار323امیدورا شامل ہیں۔ ضلع واری اساس پر کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد کے اعتبار سے ضلع میڑچل نے پہلا مقام حاصل کیاہے جہاں 75 فیصدطلبہ نے کامیابی حاصل کی ہے۔71 فیصد کامیابی کے ساتھ کمرم بھیم آصف آباد ضلع دوسرے نمبر پر ہے۔اسی طرح ضلع ملوگو 73 فیصد کامیابی کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔سال اول میں بھی کامیابی کے فیصد کے اعتبار سے 76فیصد کے ساتھ ضلع میڑچل سرفہرست رہا جبکہ ضلع رنگاریڈی دوسرے نمبر پر ہے۔جناب سید عمر جلیل نے بتایا کہ نشانات کی دوبارہ گنتی کیلئے 24 جون سے قبل آن لائن درخواست داخل کی جاسکتی ہے ۔انہو ںنے بتایا کہ نشانات کی دوبارہ گنتی کیلئے 100 روپئے فی پرچہ آن لائن درخواست کے ساتھ داخل کرنا ہوگا جبکہ جوابی بیاضات کی نقل اور نشانات کی دوبارہ گنتی کیلئے 600 روپئے ادا کرنے ہونگے۔سیکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے واضح کیا کہ اس تاریخ میں کوئی توسیع کی گنجائش نہیں ہوگی۔نتائج میں گذشتہ 3برسوں کے دوران ریاست میں سال اول اور سال دوم کے مجموعی نتائج کا فیصد جاری کرنے کے علاوہ طلبہ کو ذہنی تناؤ کا شکار ہونے سے بچانے ہیلپ ڈیسک کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں ۔